کولہاپور 18 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی اور شیوسینا کے مابین نشستوں کی تقسیم کے سلسلہ میں ہنوز کوئی پیشرفت نہ ہوسکی اور منظر غیر واضح ہے۔ صدر بی جے پی امیت شاہ نے اِس پس منظر میں کہاکہ حلیف شیوسینا کو یہ تعطل جلد از جلد ختم کرنا چاہئے۔ اِس کے ساتھ ساتھ اُنھوں نے یہ بھی واضح کیاکہ عزت نفس کے معاملہ میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ ’’مہا یوتی‘‘ (عظیم اتحاد) کو زیادہ مستحکم اور متحد ہونا چاہئے تاکہ مہاراشٹرا میں کانگریس ۔ این سی پی حکومت کے 15 سالہ دور اقتدار کو ختم کیا جاسکے۔ اُنھوں نے ایرپورٹ پر پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اِس بار مہاراشٹرا میں بی جے پی حکومت تشکیل دے گی۔ اُنھوں نے بتایا کہ ممبئی تا کولہاپور طیارہ میں سفر کے دوران بی جے پی قائدین دیویندر فیڈنیوس اور ونود تاؤڑے نے اُن سے خواہش کی تھی کہ اتحاد کے سلسلہ میں تنازعہ کی جلد از جلد یکسوئی کرلیں۔ اُنھوں نے یہ بھی کہاکہ وہ اِس مسئلہ کو حل کرنے کی ممکنہ کوشش کررہے ہیں لیکن اُنھیں خاطر خواہ ردعمل حاصل نہیں ہورہا ہے۔ امیت شاہ نے کہاکہ وہ دونوں فریقین سے یہ اپیل کرنا چاہتے ہیں کہ جب بی جے پی ایک قدم آگے بڑھے تو دوسروں (شیوسینا) کو بھی ایک قدم آگے بڑھنا چاہئے تاکہ اتحاد کے سلسلہ میں جاری مسئلہ حل ہوجائے اور پھر مہاراشٹرا میں اقتدار کی تبدیلی کے لئے تحریک شروع کی جاسکے۔
اُنھوں نے یہ واضح طور پر کہاکہ بی جے پی اِس مسئلہ کو عزت نفس کے ساتھ حل کرنا چاہتی ہے۔ عزت نفس کی قیمت پر یہ مسئلہ حل نہیں ہوسکتا۔ اگر ہمیں اتحاد تشکیل دینا ہے تو دونوں فریقین کو چاہئے کہ نشستوں کی تقسیم کے معاملہ کو جلد از جلد حل کریں اور ساتھ ہی ساتھ دونوں فریقین کی عزت نفس کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ مہاراشٹرا میں اقتدار کی تبدیلی بے حد ضروری ہے۔ اُنھوں نے عوام سے بھی خواہش کی کہ مہاراشٹرا میں اسکامس میں گھری ہوئی کانگریس ۔ این سی پی حکومت کو بیدخل کریں تاکہ ریاست کی ترقی یقینی ہوسکے۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس اور این سی پی نے 15 سالہ دور اقتدار میں ریاست کو تباہ کردیا ہے۔ اگر مؤثر تحقیقات کی جائے تو ریاستی حکومت کے تمام قائدین جیل میں ہوں گے۔ این سی پی صدر شردپوار نے سیاست کو جس طرح تجارت بنادیا ہے ملک میں کسی اور لیڈر نے ایسا نہیں کیا۔ اجیت پوار (ڈپٹی چیف منسٹر) اسکامس میں ملوث ہیں۔ ریاست میں یکے بعد دیگرے اسکامس ہوتے جارہے ہیں۔ بی جے پی صدر امیت شاہ پونے میں انتخابی مہم شروع کرنے کے مقصد سے یہاں آئے ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ مہاراشٹرا میں اسمبلی انتخابات آئندہ ماہ منعقد شدنی ہیں اور بی جے پی و شیوسینا اتحاد کے مابین نشستوں کی تقسیم کے سلسلہ میں اختلافات کافی شدید ہوگئے ہیں۔ اِس کے علاوہ شیوسینا سربراہ اودھو ٹھاکرے نے واضح طور پر کہا ہے کہ اتحاد کو کامیابی کی صورت میں وہ چیف منسٹر بننا چاہتے ہیں۔ بی جے پی نے یہ موقف مسترد کردیا اور کہاکہ اِس کا فیصلہ انتخابی نتائج کے بعد ہوگا۔