بی جے پی ، پارلیمنٹ میں اہم عوامی مسائل اُٹھائے گی
سی بی آئی کا غلط استعمال، کوئلہ اسکام خاص موضوع: وینکیا نائیڈو کا بیان
حیدرآباد 3 ڈسمبر (سیاست نیوز) بی جے پی کے سینئر لیڈر ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہاکہ بی جے پی جمعرات سے شروع ہورہے پارلیمنٹ کے سرمائی سیشن کے دوران کوئلہ اسکام، سی بی آئی اور انٹلی جنس بیورو کو مبینہ طور پر غلط استعمال کرکے علاوہ دیگر اہم مسائل کو اُٹھائے گی۔ اُنھوں نے اس بات پر زور دے کر کہاکہ بی جے پی آرٹیکل 370 پر اپنے موقف سے منحرف نہیں ہوگی۔ یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کوئلہ اسکام میں ملوث افراد کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کررہی ہے۔ وزیراعظم کے خلاف اس نے کوئی قدم نہیں اُٹھایا۔ البتہ عہدیداروں کو پھنسایا جارہا ہے۔ ایسے لوگوں کو ہراساں کیا جارہا ہے جو سیاسی طاقت کے سامنے زبان کھولنے سے قاصر ہیں۔ سی بی آئی اور انٹلی جنس بیورو کا غلط استعمال کیا جارہا ہے۔ اس کی مثال عشرت جہاں کیس ہے۔ اس کیس میں اب آئی بی آفیسرس کو ماخوذ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ہم ان تمام خرابیوں کو آشکار کریں گے۔ کشمیر مسئلہ پر چیف منسٹر گجرات نریندر مودی کے خیالات پر پورے سیاسی حریفوں نے زبردست واویلا مچایا ہے کیونکہ انھیں یقین ہے کہ ان کے کافی گناہ آشکار ہوں گے۔ اُنھوں نے یہ احساس ظاہر کیاکہ ان کی پارٹی آندھراپردیش کے موجودہ 10 اضلاع پر مشتمل تلنگانہ کے قیام کی پابند عہد ہے۔ حیدرآباد اس کا دارالحکومت ہوگا۔ اُنھوں نے کہاکہ رائل تلنگانہ کی طرح دیگر تمام تجاویز حکومت کی ایک چال ہے۔