بی جے پی ، مسلمانوں کی کھلی دشمن پارٹی : انجن کمار یادو

ٹی آر ایس ، سیکولرازم کے نقاب میں فرقہ پرست جماعت ، طلاق ثلاثہ بل پر شدید تنقید
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : صدر حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی و امیدوار حلقہ لوک سبھا سکندرآباد انجن کمار یادو نے طلاق ثلاثہ بل پر مسلم خواتین کے لیے مگرمچھ کے آنسو بہانے والے وزیراعظم نریندر مودی سے دریافت کیا کہ کیا انہوں نے اس طرح کا اختیار اپنی شریک حیات کو دیا ہے ۔ آج اسمبلی حلقہ مشیر آباد کے مختلف محلوں میں پدیاترا کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی ۔ وزیراعظم اور چیف منسٹر کے سی آر کو بڑے بھائی جھوٹے بھائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ طلاق ثلاثہ کا بل منظور کرنا اسلامی شریعت میں مداخلت کرنے کے مترادف ہے ۔ لیکن نریندر مودی نے ایک منظم سازش کے تحت یہ کام کیا ہے جب کہ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کی تائید کرنے والی ٹی آر ایس نے طلاق ثلاثہ بل میں بھی بی جے پی اور وزیراعظم کی بھر پور تائید کرتے ہوئے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہونچائی جب کہ کانگریس نے دیگر سیکولر نظریات رکھنے والی جماعتوں کے ساتھ اس کے خلاف آواز اٹھائی ہے مگر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اکثریت کے باعث بی جے پی مسلم دشمنی میں کامیاب ہوگئی اور ٹی آر ایس نے بھی اس کا بھر پور ساتھ دیا ہے ۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے اگر اس مرتبہ بی جے پی اور ٹی آر ایس کے بڑھتے ہوئے قدم کو روکا نہیں گیا تو دونوں جماعتیں جمہوریت اور سیکولرازم کے لیے بہت بڑا خطرہ بن جائیں گی ۔ کانگریس پارٹی نے فرقہ پرستی کا ہمیشہ ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے ۔ بی جے پی مسلمانوں کی کھلی دشمن ہے اور ٹی آر ایس سیکولرازم کے نقاب میں فرقہ پرست جماعت ہے ۔ بی جے پی اور ٹی آر ایس کے نظریات ایک ہے جس کی وجہ سے ٹی آر ایس نے ہمیشہ بی جے پی کا ساتھ دیا ہے ۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ لوک سبھا کا اصل مقابلہ کانگریس اور بی جے پی کے درمیان ہے ٹی آر ایس ایک علاقائی جماعت ہے جس کا مرکز میں کوئی رول نہیں ہے ۔ وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ بلالحاظ مذہب و ملت کانگریس کی تائید کریں انہیں کامیاب بناکر راہول گاندھی کو وزیراعظم بنانے میں تعاون کریں ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کا 5 سالہ دور حکومت مایوس کن ہے ۔ غربت کا خاتمہ کرنے میں ناکامی ہوئی ہے ۔ بیروزگاری اور جرائم کی شرح میں اضافہ ہوا ہے ۔ 15 لاکھ روپئے کسی بھی شہری کے بنک اکاونٹ میں نہیں آئے ۔ نہ ہی مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات ملے اور نہ ہی غریب عوام کو ڈبل بیڈ روم مکانات ملے ہیں ۔ ایسی حکومتوں پر دوبارہ بھروسہ کرنا اپنے پیروں پر دوبارہ کلہاڑی مارنے کے مترادف ہے ۔ اس موقع پر سابق کارپوریٹر ایس محمد واجد حسین صدر یوتھ کانگریس انیل کمار یادو سابق کارپوریٹر محمد شریف کے علاوہ دوسرے قائدین میں رحیم الدین اور سریش بھی شامل تھے ۔۔