ممبئی۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) سینئر بی جے پی لیڈر اور راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ سبرامنین سوامی کا ایمرجنسی کے 41 سال کی تکمیل پر منعقد شدنی لیکچر آج منسوخ کردیا گیا۔ جنوبی ممبئی کے ایک خانگی کالج میں اس لیکچر کا اہتمام کیا گیا تھا جہاں سبرامنین سوامی ’’ایمرجنسی کا مستقبل کیلئے سبق‘‘ پر خطاب کرنے والے تھے۔ مہاراشٹرا بی جے پی کے صدر راؤ صاحب دانوے اور ممبئی سٹی کے سربراہ اشیش شیلر کے علاوہ دیگر قائدین کو مدعو کیا گیا تھا۔ لیکچر کی منسوخی کے بارے میں پوچھے جانے پر سینئر بی جے پی لیڈر نے کہا کہ ناگزیر وجوہات کی بناء سبرامنین سوامی ممبئی آنے کے موقف میں نہیں تھے، اس لئے یہ اجلاس منسوخ کردیا گیا، تاہم ممبئی سٹی کے بی جے پی صدر اشیش شلر نے بتایا کہ ممبئی بی جے پی نے یہ پروگرام منسوخ کیا ہے، تاہم انہوں نے اس کی وجہ نہیں بتائی۔ واضح رہے کہ سبرامنین سوامی نے حال ہی میں وزیر فینانس ارون جیٹلی، چیف اکنامک اڈوائزر اروند سبرامنین اور معاشی اُمور کے سیکریٹری شکتی کانت داس پر تنقید کی تھی ۔ ان کے ریمارکس کی وجہ سے بی جے پی کو پریشان کن صورتحال کا سامنا رہا۔