لکھنو ، 7 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) رکن آل انڈیامسلم پرسنل لا بورڈ مولانا کلب جواد اور نائب شاہی امام یحییٰ بخاری (برادر شاہی امام جامع مسجد دہلی سید احمد بخاری) نے آج مسلمانوں سے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی اور کانگریس دونوں کا بائیکاٹ کرتے ہوئے سکیولر امیدواروں کو ووٹ دینے کی اپیل کی۔ مجلس علماء ہند کے بیانر تلے جوائنٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا جواد نے جو اس کے جنرل سکریٹری بھی ہیں، کہا کہ کئی پارٹیاں ہیں جنھوں نے مسلمانوں کو نقصان پہنچایا ہے، یہ اور بات ہے کہ انھوں نے مسلمانوں کے بہی خواہ ہونے کا مکھوٹا لگا رکھا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ اُن کا نقاب نکال پھینکا جائے۔ بعض دیگر جیسے بی جے پی نے کھلے طور پر مسلمانوں کے مفادات کو نقصان پہنچایا ہے۔ مسلمانوں سے کانگریس کے خلاف متحد ہوجانے کی اپیل کرتے ہوئے مولانا بخاری نے کہا کہ وہ شاہی امام جامع مسجد دہلی کی جانب سے پیش کردہ تائید کا بھی بائیکاٹ کرتے ہیں، جو اگرچہ اُن کے بڑے بھائی ہیں مگر وہ کانگریس کے حق میں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ تین یوم میں اس مفاہمت کی تفصیلات کو بے نقاب کردیں گے جو کانگریس اور شاہی امام کے درمیان طئے پائی ہیں۔ انھوں نے مظفرنگر کو فسادات کے بعد راہول گاندھی کے دورہ کو چشم پوشی قرار دیا اور کہا کہ انھوں نے مرکز سے کسی مدد کو یقینی نہیں بنایا۔ انھوں نے کانگریس کو سماجوادی پارٹی کے ساتھ فسادات کیلئے ’’مساوی ذمے دار‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرکز میں ان کی حکومت ہے اور اگر وہ چاہتے تو وہ ان فسادات کو روک سکتے تھے۔ انھوں نے مزید کہا کہ کانگریس منشور میں بعض چیزیں ہیں جو اسلام کے مغائر ہیں۔