بی بی کے علم کا آج مرکزی جلوس

حیدرآباد 20 ستمبر (سیاست نیوز) یوم عاشورہ 10 محرم کو بی بی کے علم کے مرکزی جلوس کیلئے پولیس نے سکیورٹی کے خاص انتظامات کئے ہیں اور وسیع تر بندوبست کیا جارہا ہے۔ 21 ستمبر بروز جمعہ بی بی کے علم کے جلوس کے موقع پر پرانے شہر کے کئی علاقوں میں ٹریفک تحدیدات عائد کئے جارہے ہیں اور مختلف محکمہ جات کی مدد سے جلوس کے اطمینان کے ساتھ اختتام کیلئے خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ اِس سلسلہ میں کمشنر پولیس نے کہاکہ مرکزی جلوس کا آغاز جمعہ کو ایک بجکر 15 منٹ پر ہوگا اور اس جلوس کا آغاز بی بی کا الاوہ دبیرپورہ سے ہوکر مسجد الٰہی چادرگھاٹ پر اختتام کو پہونچے گا۔ اس موقع پر جلوس کے دوران ہاتھی کو خصوصی سکیورٹی فراہم کرنے کے لئے پولیس پارٹیاں متعین کی گئی ہیں۔ انجنی کمار نے کہاکہ جلوس کے دوران سادہ لباس میں ملبوس پولیس عملے کو متعین کیا جارہا ہے تاکہ شرپسند عناصر کی بروقت نشاندہی کی جاسکے۔ کویک ری ایکشن ٹیم اور اسٹراکنگ فورس کو بھی تیار رکھا گیا ہے۔ محرم کا جلوس پرانے شہر کے مختلف علاقوں کمان شیخ فیض، کوٹلہ عالیجاہ، مال والا پیالیس، چارمینار، گلزار حوض، پنجہ شاہ، قدم رسول، منڈی میر عالم، زہرہ نگر، دیوڑھی کمال یار جنگ، پرانی حویلی، الاوہ سرطوق، عزاء خانہ زہرہ کالی قبر سے گزرے گا۔