مختلف مقامات کی اراضیات کا معائنہ کروانے حکومت تلنگانہ کا فیصلہ ، ڈاکٹر بی نرسیا گوڑ سفارش کرنے کوشاں
حیدرآباد۔9مئی(سیاست نیوز) مرکزی حکومت کی جانب سے آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس کی منظوری کے بعد اب مرکزی حکومت کی ٹیم جاریہ ماہ ریاست تلنگانہ کا دورہ کرتے ہوئے جگہ کی نشاندہی کرے گی اور اس مقصد کیلئے ریاستی حکومت نے بی بی نگر میں قائم کئے جانے والے نمس کا دورہ کروانے کا منصوبہ تیار کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ نمس کا دورہ کرنے والی ٹیم کو بی بی نگر کے علاوہ محبوب نگر ‘ نلگنڈہ‘ میدک اور ورنگل کا بھی دورہ کرواتے ہوئے انہیں اراضیات کا معائنہ کروایا جائے گا۔حکومت تلنگانہ کی جانب سے بی بی نگر میں ایمس کے قیام کے حق میں ہے کیونکہ حکومت نے نمس کے لئے جو عمارت کی تعمیر کی ہے وہ بنیادی سہولت کے طور پر استعمال کی جاسکتی ہے۔ اس کے علاوہ جو اراضی مختص کی گئی ہے وہ کافی وسیع و عریض ہے۔ رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر بی نرسیا گوڑ نے بتایا کہ وہ بھی دورہ کرنے والی مرکزی حکومت کی ٹیم سے ملاقات کرتے ہوئے بی بی نگر میں ایمس کے قیام کی سفارش کریں گے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے بی بی نگر میں نمس کے لئے 5منزلہ عمارت تعمیر کی گئی اور 800بستروں کے اس دواخانہ میں 200بستروں پر علاج و معالجہ کا عمل جاری ہے اور کہا جا رہا ہے کہ فی الحال سیلر اور نچلی منزل پر ہی دواخانہ چلایا جارہا ہے ۔ حکومت کے ماہرین کا کہناہے کہ حکومت کی جانب سے نمس کی جگہ ایمس کے قیام کیلئے جو نمائندگی کی جا رہی ہے ا س کا مقصد جلد از جلد ایمس کے آغاز کو یقینی بنانا ہے کیونکہ اگر کسی اور اراضی پر ایمس کو منظوری دی جاتی ہے تو ایسی صورت میں ابتدائی مراحل سے تعمیری کاموں کا آغاز کرنا پڑے گا اسی لئے اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ نمس بی بی نگر کو ایمس میں تبدیل کیا جائے کیونکہ ایسا کرنے کی صورت میں اندرون 2برس ایمس کی شروعات کو ممکن بنایا جا سکتا ہے جبکہ اگر کسی نئی جگہ کا انتخاب کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں ایمس کے آغاز کیلئے 5سال کا عرصہ درکار ہوگا۔بتایاجاتاہے کہ حکومت تلنگانہ نے 150کروڑ روپئے نمس کی 5منزلہ عمارت کی تعمیر کیلئے منظور کئے ہیں اور اس منظوری کے بعد اجرائی کا عمل بھی شروع کیا جاچکا ہے۔ بتایاجاتاہے کہ دہلی سے دورہ کرنے والی ٹیم کو بی بی نگر کی جگہ پسند آتی ہے تو ایسی صورت میں نمس کی پانچ منزلہ مجوزہ عمارت کو ایمس کے منصوبہ کے مطابق ترمیم کرنی پڑے گی ۔ حکومت کا کہناہے کہ بی بی نگر میں ایمس کے قیام کی صورت میں یہ مقام شہریان حیدرآباد کے لئے قریب ہوگا اور ایمس کے استفادہ کنندگان کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔ بتایاجاتاہے کہ بی بی نگر میں نمس کے لئے مختص کی گئی اراضی اور عمارتوں کی تعمیر کا منصوبہ ایمس کے لئے کام آئے گا اور مستقبل میں ڈاکٹرس ‘ نرس اور محققین کیلئے عمارتوں کی تعمیر اور ہاسٹلس کی تعمیر کیلئے بھی کافی اراضی موجود ہے اسی لئے حکومت کی جانب سے بی بی نگر کو ایمس کیلئے ترجیح دی جا رہی ہے لیکن قطعی فیصلہ مرکزی حکومت کی ٹیم کی جانب سے کیا جائے گا۔