بی بی نگر میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائینس کا قیام

چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کا اعلان ۔ 400 ایکر اراضی فراہم کی جائے گی
حیدرآباد 20 جنوری ( این ایس ایس ) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج اعلان کیا کہ شہر کے مضافات میں نلگنڈہ کے ٹاؤن بی بی نگر میں نمس کی بجائے آل انڈیا اسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائینسیس قائم کیا جائیگا ۔ چیف منسٹر نے بی بی نگر کا آج دورہ کیا جہاں کچھ عرصہ سے نمس ہاسپٹل کا قیام التوا میں ہے ۔ چیف منسٹر نے اس موقع پر عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا اور کہا کہ بی بی نگر کو آئندہ دنوں میں ایک ہیلت اور اسمارٹ سٹی کے طور پر ترقی دی جائیگی ۔ چیف منسٹر کے دورہ کو اس لئے اہمیت حاصل ہوگئی ہے کہ مرکزی حکومت نے آندھرا پردیش تنظیم جدید بل کے تحت تلنگانہ میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائینسیس قائم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ ریاستی حکومت اس با وقار پراجیکٹ کیلئے اراضی فراہم کرنے کی ذمہ دار ہوگی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ فی الحال ریاستی حکومت نے اس مقصد کیلئے 400 ایکر اراضی کی نشاندہی کرلی ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید اراضی الاٹ کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔