بی ایڈ کورس آئندہ تعلیمی سال سے دو سال پر مشتمل ہوگا

نصاب میں تبدیلیوں کا بھی منصوبہ ۔ تلنگانہ سے متعلق موضوعات کو شامل کرنے کی کوشش

حیدرآباد 28 مارچ ( سیاست نیوز) محکمہ اسکولی تعلیم تلنگانہ کے مطابق سال 2015-2016 سے بی ایڈ کا کورس دو سالہ ہوجائے گا ۔محکمہ اسکولی تعلیم نے بی ایڈ کے موجودہ نصاب میں تبدیلی کا بھی فیصلہ کیا ہے اور بتایا جاتا ہے کہ چھٹویں جماعت تا دسویں جماعت کے تبدیل ہونے والے تدریسی نصاب سے واقف کروانے بی ایڈ نصاب میں تلنگانہ سے متعلق موضوعات کو شامل کرنے کا محکمہ ارادہ رکھتا ہے ۔ علاوہ ازیں کمپیوٹر تعلیم کو بھی بی ایڈ نصاب میں اہمیت دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے کہا کہ بی ایڈ کے نصاب میں تبدیلی لانے کے مقصد سے ممتاز ماہرین تعلیم کے ساتھ ایس سی ای آر ٹی کے زیر اہتمام ایک ورکشاپ کا انعقاد عمل میں لایا گیا اور ورکشاپ میں تلنگانہ کی تمام یونیورسٹیوں کے ڈین صدور شعبہ جات کے ساتھ ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن ، ایس سی ای آر ٹی ڈائرکٹر کوارڈینٹرس کے علاوہ سرکاری بی ایڈ کالجوں کے اساتذہ کثیر تعداد میں شریک تھے ۔ سرکاری ذرائع نے مزید بتایا کہ ورکشاپ میں اسکول ایجوکیشن اور ہائیر ایجوکیشن محکمہ جات کے مابین تال میل کے ذریعہ آگے بڑھنے کی ضرورت پر زور دیا گیا اور دونوں محکمہ جات کے تال میل سے بی ایڈ نصاب میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اسکے علاوہ نیشنل کونسل آف ٹیچرس ایجوکیشن کے قواعد و ضوابط کی روشنی میں ڈی ایڈ کورسیس میں تبدیلیوں کا آغاز ہوچکا ہے اور اول تا پنجم ڈی ایڈ ( ڈپلو ان ایلیمنٹری ایجوکیشن ) کے نصاب میں تلنگانہ سے متعلق اسباق شامل کئے جائیں گے ۔ ڈی ایڈ اساتذہ کو معلومات فراہم کرنے کے مقصد سے تلنگانہ سے متعلق اسباق کو نصاب میں شامل کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔