بی ایم ڈبلیو کے سینئر ایگزیکیٹیو کی دھوکہ کے الزام میں گرفتاری

حیدرآباد 25 جولائی ( پی ٹی آئی ) سٹی پولیس نے جرمن کار کمپنی بی ایم ڈبلیو کے ایک سینئر ایگزیکیٹیو کو دھوکہ دہی اور سازش کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے ۔ ڈی سی پی نارتھ زون آر جئے لکشمی کے بموجب یہ ایک عدالت سے رجوع کردہ معاملہ ہے اور اس سلسلہ میں 2010 میں شکایت درج کروائی گئی تھی اور بی ایم ڈبلیو انڈیا فینانشیل سروسیس پرائیوٹ لمیٹیڈ کے مینیجنگ ڈائرکٹر اسٹیفن شلپف کو اس سلسلہ میں گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ ڈی سی پی کے بموجب انہیں قانونی کارروائی کے مطابق گرفتار کیا گیا ہے اور انہیں عدالت میں پیش کرکے تحویل میں دیدیا گیا ہے ۔ ریمانڈ رپورٹ کے مطابق شلپف کو کل گڑگاؤں میں گرفتار کرکے ٹرانزٹ ریمانڈ پر حیدرآباد لایا گیا ۔ رپورٹ کے بموجب بی ایم ڈبلیو انڈیا جس کی نمائندگی اس کے صدر اور ایم ڈی کرتے ہیں اس کیس میں اصل ملزم ہیں اور شلپف ملزم نمبر 6 ہیں ۔ اس دوران بی ایم ڈبلیو نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے اپنے ایگزیکیٹیو کی گرفتاری کی مذمت کی ہے ۔