کملا ملس آتشزدگی حادثہ
پب مالکین کیخلاف لک آؤٹ نوٹس جاری ، سال نو تقاریب کے مراکز پر بی ایم سی کی کڑی نظر
ممبئی۔ 30 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی کے ایک پب میں پیش آئے آتشزدگی کے المناک حادثہ کے ایک دن بعد جس میں 14 افراد ہلاک ہوگئے تھے، پولیس نے خاطیوں کے خلاف لک آؤٹ نوٹس جاری کردیا ہے۔ دوسری طرف شہر کی مجلس بلدیہ نے غیرقانونی عمارتوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے آج کم از کم 100 عمارتوں کو منہدم کردیا ہے اور متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ آنے والے نئے سال کی تقاریب کو ذہن میں رکھتے ہوئے شہر کے تمام ریسٹورنٹس ، پبس اور بارس جہاں عوام کا ہجوم رہتا ہے، صیانتی انتظامات کو یقینی بنائیں۔ بی ایم سی نے اس حادثہ کے بعد ریسٹورنٹس اور اس طرح کے دوسرے مقامات کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا ہے جس میں غیرقانونی تعمیرات اور حفاظتی اقدامات کی کمی کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔ بی ایم سی اب اس بات کا پتہ چلا رہی ہے کہ آیا یہ حادثہ پب ملازمین کی جانب سے حقہ میں موجود آگ میں کوئلہ ڈالنے کے دوران پیش آیا ہے یا اس کی اور وجہ تھی۔ سینئر پولیس عہدیداروں کے مطابق آج ’’ون اباؤ بپ ‘‘ کے مالکین ہتیش سنگھوی اور جگر سنگھوی کے خلاف لک آؤٹ نوٹس جاری کردی گئی ہے جہاں سی گریڈ درجہ کی خدمات فراہم کی جاتی تھی۔ جبکہ گزشتہ روزپب مالکین نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے پب میں مطلوبہ تمام حفاظتی اقدامات موجود ہیں اور تمام قواعد پر عمل بھی کیا جاتا ہے۔ انہوں نے نیچے کی منزل پر موجود موجو بسٹرو پر الزام عائد کیا کہ وہاں سے ایمرجنسی ایگزٹ موجود ہی نہیں ہے۔ علاوہ ازیں انہوں نے متصلہ جائیداد مالکین کو بھی آتشزدگی کیلئے موردالزام ٹھہرایا۔ ان کے مطابق ان کے اسٹاف نے انہیں بتایا کہ متصلہ منزل سے ہی پہلے آگ بھڑکی تھی جو دیکھتے ہی دیکھتے ان کے پب کو بھی اپنے لپیٹ میں لے لیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز پیش آئے اس حادثہ میں 14 افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ 21 افراد زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ مذکورہ افراد میں خوشبو بھنسالی خاتون بھی شامل ہیں جن کی برتھ ڈے تقریب منائی جارہی تھی۔