بی ایس پی کا ٹی آر ایس میں انضمام : تلنگانہ اسپیکر کا بلیٹن

حیدرآباد ۔ 9 ۔ مارچ (سیاست نیوز) بہوجن سماج پارٹی کو ٹی آر ایس میں ضم کردیا گیا ہے۔ اسمبلی میں بہوجن سماج پارٹی کے ٹی آر ایس میں انضمام کو منظوری دیتے ہوئے اسپیکر مدھو سدن چاری نے بلیٹن جاری کیا۔ دستور کے 10 ویں شیڈول کی مطابقت سے اسپیکر نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلہ سے بہوجن سماج پارٹی کے دو ارکان اسمبلی اب ٹی آر ایس ارکان کی حیثیت سے اسمبلی میں شریک ہوں گے اور انہیں ٹی آر ایس ارکان کے طور پر شناخت حاصل رہے گی۔ سکریٹری لیجسلیچر ایس راجہ سدا رام نے آج یہ بلیٹن جاری کیا۔ واضح رہے کہ تلنگانہ اسمبلی میں بہوجن سماج پارٹی کے دو ارکان ہیں جنہوں نے حال ہی میں ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ عادل آباد ضلع سے تعلق رکھنے والے ان دو ارکان میں سے ایک اندرا کرن ریڈی کو کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔