بی ایس پی کا بھی جموں وکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان

جموں ، 20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) نے جموں وکشمیر میں اعلان شدہ بلدیاتی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان کردیا ہے ۔ پارٹی نے الزام لگایا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اور آر ایس ایس نے یہ انتخابات زبردستی ریاست کے لوگوں پر تھوپے ہیں۔پارٹی کے ریاستی صدر سوم راج مجوترا نے جمعرات کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں نامہ نگاروں کو بتایا ‘ابھی ابھی مرکزی اور ریاستی حکومت نے ریاست کے اندر بلدیاتی انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے ۔ ان انتخابات کے حوالے سے ہماری پارٹی کی ہائی کمان نے فیصلہ لیا ہے کہ جب ریاست کے حالات اتنے بگڑے ہوئے ہیں اور یہاں کی جو مین اسٹریم جماعتیں ہیں جیسے این سی اور پی ڈی پی ، اور جتنے بھی سماجی گروپ ہیں، وہ انتخابات میں حصہ نہیں لے رہے ہیں۔ تو بہوجن سماج پارٹی بھی لوگوں کے جذبات کی قدر کرتے ہوئے ان انتخابات میں حصہ نہیں لے گی’۔ انہوں نے کہا ‘یہ انتخابات بی جے پی اور آر ایس ایس کی جانب سے لوگوں پر تھوپے گئے ہیں’۔ بی ایس پی ریاستی صدر نے الزام لگایا کہ بی جے پی کی مرکزی حکومت ریاست میں آر ایس ایس کا ایجنڈا نافذ کرنا چاہتی ہے ۔ ان کا کہنا تھا ‘ہم لوگوں تک یہ بات پہنچانا چاہتے ہیں کہ جمہوریت میں لوگوں کا راج ہوتا ہے ۔ لوگوں کی رائے کے مطابق فیصلے کئے جاتے ہیں۔ لیکن ریاست اور مرکز میں جب سے بی جے پی سرکاریں آئی ہیں، یہ آر ایس ایس کا ایجنڈا لوگوں پر تھوپنے کا کام کررہی ہیں۔ یہ لوگوں کی لاشوں پر راج کرنا چاہتے ہیں’۔ انہوں نے کہا ‘لوگوں کی آواز بند کرکے انتخابات کرانا جمہوریت کے خلاف ہے ۔ ہماری ریاستی گورنر صاحب سے اپیل ہے کہ وہ انتخابات کو ملتوی کریں۔ یہاں کے حالات انتخابات کے لئے بالکل بھی سازگار نہیں ہیں’۔ بتادیں کہ جموں وکشمیر کی دو بڑی علاقائی جماعتوں نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی نے ریاست میں اعلان شدہ پنچایتی اور بلدیاتی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے ۔ دونوں جماعتوں کا مطالبہ ہے کہ مرکزی سرکار دفعہ 35 اے کے ساتھ کسی قسم کی چھیڑچھیڑ نہ کرنے کی ضمانت دے تو پھر انتخاب میں حصہ لیں گی۔ سی پی آئی ایم نے بھی نیشنل اور پی ڈی پی کی لائن اختیار کرتے ہوئے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے ۔