بی ایس پی ایم پی کو گاؤں تبدیل کرنے کی ہدایت

شاہجہاں پور ۔ 13 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : کھانڈمچرا میں آج ضلع حکام نے بی ایس پی راجیہ سبھا ایم پی منقاد علی سے کہا ہے کہ موصوف نے سانسد آدرش گرام یوجنا (SAGY) کے تحت جس گاؤں کو اخذ کیا ہے وہ اس میں تبدیلی لائیں کیوں کہ اسکیم کے تحت وضع کئے گئے رہنمایانہ خطوط کے مطابق گاؤں کی آبادی مقرر کردہ آبادی سے زیادہ ہے ۔ منقاد علی نے موضع شاہجہان پور کو اسکیم کے تحت فروغ دینے کا منصوبہ بنایا تھا جس کی آبادی 8000 نفوس پر مشتمل ہے جب کہ وضع کردہ رہنمایانہ خطوط میں وضاحت کی گئی ہے کہ کوئی بھی ایم پی صرف اس گاؤں کو حاصل کرسکتا ہے جس کی آبادی 3 تا 5 ہزار نفوس کے درمیان ہو ۔ ضلع ترجمان نے یہ بات بتائی ۔ چیف ڈیولپمنٹ آفیسر تونیت سنگھ چہل نے منقاد علی سے کہا ہے کہ وہ اپنے فیصلہ پر نظر ثانی کریں اور کوئی دوسرا گاؤں حاصل کریں کیوں کہ موضع شاہجہاں پور کی آبادی اسکیم میں وضع کی گئی آبادی سے ہم آہنگ نہیں۔ دریں اثناء بی جے پی ایم پی راجندر اگروال نے موضع چھٹاوں کے راج پورہ علاقہ کو اخذ کیا ہے ۔۔