بی ایس این ایل کا احیاء حکومت کی ذمہ داری : پرساد

نئی دہلی ۔ 8 ۔ اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) سرکاری بی ایس این ایل کے احیاء کیلئے پُرعزم ٹیلی کام منسٹر روی شنکر پرساد نے ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سرکاری بی ایس این ایل کے احیاء کیلئے اپنا تمام تر تعاون پیش کرے گی تاکہ بی ایس این ایل کی عظمت رفتہ کو بحال کیا جاسکے ۔ یاد رہے کہ بی ایس این ایل کا قیام 2000 ء میں ہوا تھا اور اس کی مالی حالت دگرگوں تھی لیکن انفراسٹرکچر کو وسعت دینے میں ناکافی سرمایہ کاری کی وجہ سے وہ دیگر کمپنیوں کے ساتھ مسابقت کی دوڑ میں پیچھے رہ گئی حالانکہ گزشتہ چند سال کے دوران اگر بی ایس این ایل ہی مناسب سرمایہ کاری ہوتی تو صورتحال سنگین نہ ہوتی ۔ روی شنکر پرساد نے راجیہ سبھا کو یہ بات بتائی ۔ وقفہ سوالات کے دوران انہوں نے کہا کہ حکومت بی ایس این ایل کے احیاء کیلئے اپنے وعدہ کی پابندی ہے اور وہ ( پرساد ) ایوان کو یہ تیقن دینا چاہتے ہیں کہ بی ایس این ایل کو کسی بھی حالت میں ختم ہونے نہیں دیا جائے گا حالانکہ گزشتہ کئی سالوں سے وہ جانکنی کے عالم میں ضرور رہی لیکن اُسے دم توڑنے نہیں دیا جائے گا ۔