نئی دہلی ۔ 07ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ٹیلی کام پبلک سیکٹر یونٹس بی ایس این ایل اور ایم ٹی این ایل امکان ہے کہ آئندہ سال جولائی میں خم ہوجائیں گی ۔ دونوں کمپنیوں نے ایک واحد ادارہ بن کر خدمات کی پیشکش کی ہے جس سے کارکردگی میں بہتری آئے گی۔ دہلی اور ممبئی کے سوا ملک بھر میں بی ایس این ایل سرویس فراہم کی جارہی ہے جبکہ ایم ٹی این ایل صرف دو زونس ممبئی اور دہلی میں ٹیلی کام خدمات انجام دیتی ہے ۔ دونوں کے انضمام کی قطعی مہلت جون ۔ جولائی 2015 ء دی گئی ہے ۔ ان دونوں کا سرکاری طورپر انضمام عمل میں آئے گا تاکہ ٹیلی کام سرویس کو موثر بنایا جاسکے ۔ بی ایس این ایل ڈائرکٹر انوپم سریواستو نے بتایا کہ اس انضمام کے تعلق سے بعض اُمور کو انجام دینے کی ضرورت ہے اور بہت جلد ان اُمور سے نمٹا جائے گا جس میں تنخواہوں کا مسئلہ اور ایم ٹی این ایل کھاتوں میں خسارہ کا معاملہ بھی حل کرلیا جائے گا ۔ سریواستو نے کہا کہ اول مسئلہ تو یہ ہے کہ ایم ٹی این ایل ایک درج رجسٹر کمپنی ہے اور حکومت یہ دیکھ رہی ہے کہ اس کو بی ایس این ایل کے ساتھ کس طرح ضم کیا جاسکتا ہے ۔ ایک طریقہ یہ ہیکہ حکومت ایم ٹی این ایل کے شیئرز خریدے ۔ دوسری چیز دونوں فرمس کے درمیان تنخواہوں کا فرق پایا جاتا ہے ۔ ایم ٹی این ایل کے ملازمین کی تنخواہیں بی ایس این ایل سے زیادہ ہیں اس لئے اس مسئلہ کو حل کرلیا جانا ضروری ہے ۔