بی ایس این ایل ، ریلائنس جیو سے ٹکر لے گا

ٹیرف بہ ٹیرف مسابقت کا عزم ، صدر نشین و منیجنگ ڈائرکٹر انوپم سریواستو کا بیان
حیدرآباد ۔ 7 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : بھارت سنچار نگم لمٹیڈ بی ایس این ایل نے ریلائنس جیو کے مارکٹ میں داخلہ کو تمام آپریٹرس کے لیے چیلنج قرار دیا ۔ تاہم کہا کہ بی ایس این ایل ٹیرف بہ ٹیرف مسابقت کرے گا ۔ بی ایس این ایل کے صدر نشین و منیجنگ ڈائرکٹر انوپم سریواستو نے دہلی میں کہا کہ ٹیلی کام پی ایس یو ٹیرفس سے متعلق جارحانہ موقف اختیار کرے گا ۔ بی ایس این ایل ریلائنس Jio کے ٹیرفس کا کامیابی سے مقابلہ کرے گا ۔ یہ مارکٹ میں بقا کا مسئلہ ہے جیو سے جارحانہ مسابقت کرنے کے سوا کوئی اور راستہ نہیں ہے ۔ بی ایس این ایل اور تمام دوسرے آپریٹرس بھی جارحانہ مسابقت کریں گے ۔ ریلائنس جیو نے فری وائس کالس اور فی جی بی ڈاؤن لوڈ چارجس ایک روپئے سے کم رکھے ہیں ۔ صدر نشین بی ایس این ایل نے کہا کہ صارفین کے لیے سرویس پرووائیڈرس کے مابین مسابقت بہتر بات ہے ۔ جہاں تک چیلنجس کا سامنا کرنے کی بات ہے ہم بھاگنے والے نہیں ہیں ۔ وہ یقین رکھتے ہیں کہ بی ایس این ایل انتہائی کامیابی کے ساتھ ریلائنس جیو سے مسابقت کرنے کے موقف میں ہے ۔ ہم لینڈ لائن اور آپٹیکل فائبر آپریٹر ہیں۔ اس طرح ہمارے براڈ بیانڈ ٹیرف کا انحصار ہمارے اپنے نٹ ورک پر ہے ۔ ہمیں آفرس کرنے سے پہلے کوئی چیز حاصل کرنے کرنے یا کوئی سرمایہ لگانے کی ضرورت نہیں ہے ۔ انہوں نے اس سوال کا مثبت جواب دیا کہ آیا بی ایس این ایل بھی ریلائنس جیو کی طرح غیر معمولی رعایتی ٹیرفس کا اعلان کرے گا ۔ گذشتہ ماہ بی ایس این ایل ہر اتوار کو دن تمام بھی لینڈ لائن فون سے کسی بھی موبائل اور لینڈ لائن کو فری کالس کا اعلان کیا ہے ۔ رات 9 بجے سے صبح سات بجے تک روزانہ لینڈ لائن سے فری کال سہولت پہلے سے موجود ہے ۔ اس سوال پر کہ آیا اب بی ایس این ایل بھی اپنے موبائل سے فری کالس کی سہولت دے گا ۔ سریواستو نے کہا کہ ہم دو تین مہینوں میں اس تعلق سے غور کریں گے ۔ اس دوران مارکٹ کے اثرات کا جائزہ لیا جائے گا کچھ ماہانہ چارجس مقرر کرتے ہوئے ایسی سہولت دینے پر غور کیا جائے گا ۔۔