بی ایس ایف سے وزارت داخلہ کی رپورٹ طلبی

بین الاقوامی سرحد پر خلاف ورزی پر سخت نوٹ
نئی دہلی ۔ 4 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزارت داخلہ نے پاکستان سے متصلہ بین الاقوامی سرحد کی نگرانی کرنے والے بی ایس ایف کو دہشت گردوں کی ہندوستان میں دراندازی اور پٹھان کوٹ میں دہشت گرد حملہ کرنے سے متعلق تفصیلات پر مبنی رپورٹ طلب کی ہے۔ ہند۔پاک بین الاقوامی سرحد پر نگرانی میں تساہل کا سخت نوٹ لیتے ہوئے وزارت داخلہ نے سرحدوں کی نگرانی کرنے والے اس فورس سے وضاحت طلب کی ہے کہ آیا کس طرح انتہائی مسلح دہشت گرد سرحد پار سے ہندوستان میں داخل ہوکر اس قسم کی تباہی مچا سکتے ہیں۔ حالیہ عرصہ کے دوران بین الاقوامی سرحد پر اس قسم کے تساہل کے کئی واقعات پیش آئے ہیں جن میں جولائی کے دوران پیش آیا ایک واقعہ بھی شامل ہیں جس میں تین انتہائی مسلح دہشت گرد گرداسپور میں داخل ہوگئے تھے اور بشمول ایک سپرنٹنڈنٹ پولیس ، 7 افراد کو ہلاک کردیا تھا۔ ذرائع نے کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دہشت گرد کسی دریائی راستہ سے پنجاب میں داخل ہوئے تھے جہاں فساد بندی نہیں ہیں۔ پاکستان سے ہندوستان کی 3,323 کیلو میٹر طویل سرحدیں متصل ہیں جن میں پنجاب میں 553 کیلو میٹر طویل سرحد کے علاوہ جموں و کشمیر میں 1,225 کیلو میٹر طویل سرحد ہے جس کے اکثر حصوں کی حصار بندی ہے۔