اٹاری (امرتسر)۔ 7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) روشنیوں کے تہوار دیوالی کے موقع پر بارڈر سیکوریٹی فورسیس (بی ایس ایف) اور پاکستانی رینجرس نے اٹاری ۔ واگھا سرحد پر مٹھائیوں کا تبادلہ کیا۔ بی ایس ایف نے پاکستانی رینجرس کو مٹھائیوں کا تحفہ دی اور انہوں نے بھی ایسے ہی تحفوں کے ذریعہ خیرسگالی کا جواب دیا۔ جانبین نے اس موقع پر مبارکباد اور نیک تمناؤں کا تبادلہ بھی کیا۔ واضح رہیکہ جموں و کشمیر میں بین الاقوامی سرحد (آئی بی) اور لائن آف کنٹرول پر پاکستانی فورسیس کی طرف سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں کے سبب دونوں ملکوں میں اضافہ شدہ کشیدگی کے سبب بی ایس ایف نے 26 جنوری کو بی ایس ایف نے پاکستانی رینجرس کے ساتھ مٹھائیوں اور مبارکباد کے تبادلے سے انکار کردیا تھا۔ واضح رہیکہ دونوں ملکوں کی سرحدوں کی نگرانی کرنے والے سپاہی، مذہبی عہدوں اور تہواروں اور قومی دنوں پر مبارکباد کا تبادلہ کیا کرتے ہیں۔ حالیہ عرصہ کے دوران ماضی کے مقابلہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے واقعات میں قدرے کمی ہوئی ہے جس کے نتیجہ میں دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ نہیں ہوا ہے اور سرحدوں پر نسبتاً سکون ہے۔