بی آر امبیڈکر کا اترپردیش کے سرکاری ریکارڈس میں نیا نام!

لکھنو۔29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کی یوگی ادتیہ ناتھ حکومت نے آج بابائے دستور بی آر امبیڈکر کے نام میں ’رام جی‘ کو متعارف کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے نیا سیاسی تنازعہ چھیڑدیا۔ ریاستی حکومت نے تمام سرکاری خط و کتابت اور ریکارڈس میں امبیڈکر کا نام درمیان میں رام جی کے اضافے کے ساتھ لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم یہ فیصلہ اپوزیشن کو بالکل پسند نہیں آیا جو 2019ء لوک سبھا چنائو سے قبل اسے سخت متنازعہ اقدام قرار دے رہے ہیں۔ سماج وادی پارٹی نے اس اقدام پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس کے پس پردہ ووٹ بینک سیاست کارفرما ہے۔ اس ضمن میں کل رات جاری کردہ گورنمنٹ آرڈر (جی او) کے بارے میں ایس پی نے کہا کہ یہ نیک نیتی والا اقدام نہیں ہے۔ بی جے پی دلت مسیحا کے نام کے ساتھ سیاست کررہی ہے۔ ایس پی لیڈر انوراگ بھدوریا نے کہا کہ دلت ووٹوں کو حاصل کرنے کے لیے امبیڈکر کے نام کو سیاسی رنگ دیا جارہا ہے۔