وقف انسپکٹر کے ساتھ دکن وقف پروٹیکشن سوسائٹی اور دیگر پارٹیوں کے قائدین کی شرکت حیدرآباد ۔ 11 اکٹوبر (پریس نوٹ) شہر حیدرآباد کے انتہائی ترقی یافتہ علاقہ گرین لینڈ گیسٹ ہاؤز بیگم پیٹ سے متصل وقف اراضی جس پر گذشتہ دنوں لینڈ گرابرس کی جانب سے ناجائز قبضہ کرنے کی کوشش کی گئی تھی جس کی اطلاع ملتے ہی جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست کی ہدایت پر مسرس عثمان الہاجری صدر دکن وقف پروٹیکشن سوسائٹی، ایم اے باسط سابقہ کارپوریٹر نے وقف بورڈ کی ٹاسک فورس کے ساتھ مقام واقعہ پر پہنچ کر لینڈ گرابرس کے خلاف کارروائی کی اور انہیں گرفتار کروایا۔ واضح رہیکہ اس قیمتی اراضی پر وقف بورڈ نہ ہونے کی وجہ سے لینڈ گرابرس اس قیمتی اراضی پر ناجائز قبضہ کی کوشش میں ہیں۔ جناب عثمان الہاجری نے اسپیشل آفیسر وقف بورڈ سے نمائندگی کرتے ہوئے توجہ دلائی کہ اس اراضی پر وقف بورڈ کا تحریری بورڈ نصب کرنا اور باب الداخلہ پر بھی تحریری انتباہی نوٹ کا لکھنا ضروری ہے تاکہ لینڈ گرابرس سے اس موقوفہ اراضی کو بچایا جاسکے۔ اسپیشل آفیسر کی اجازت سے آج وقف انسپکٹر جناب احمد باشاہ کی موجودگی میں مسرس ایم اے باسط سابق اسٹینڈنگ کمیٹی چیرمین و ٹی آر ایس قائد، عثمان الہاجری، سید سلیم، ای ٹی نرسمہا سٹی کونسل ممبر سی پی آئی، مقبول الہاجری، محمد سلیم خان سٹی کمیٹی ممبر سی پی آئی، محمد عنایت توکلی، سید غوث، چاند بھائی، محمد حبیب الدین، نظیرانصاری سی پی ایم، سید اظہر قادری، محمد بن عثمان الہاجری، محمد حاجی، محمد علی، محمد بابا کے علاوہ وقف بورڈ کے سیکوریٹی گارڈس محمد امتیاز اور محمد یوسف کی موجودگی میں وقف بورڈ کا بورڈ نصب کیا گیا۔ جناب ایم اے باسط، جناب عثمان الہاجری، جناب الحاج سید سلیم نائب صدر وقف پروٹیکشن سوسائٹی، مسٹر ای ٹی نرسمہا نے مشترکہ بیان میں کہا کہ جہاں بھی موقوفہ جائیدادیں ہیں ان تمام جائیدادوں پر وقف بورڈ کے تحریری بورڈس کو نصب کرنا ضروری ہے تاکہ تمام لوگوں کو یہ پتہ چل جائے کہ یہ جائیداد موقوفہ ہیں اور لینڈ گرابرس کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جاسکے۔ اس کے علاوہ وقف بورڈ کو چاہئے کہ لینڈ گرابرس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔