حیدرآباد ۔ 4 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : شہر کے علاقہ بیگم پیٹ پاٹی گڈہ میں آج شام حالات اس وقت کشیدہ ہوگئے جب اکثریتی فرقہ کے افراد نے ایک کھلی اراضی پر مندر تعمیر کرنے کے لیے پوجا پاٹ شروع کردیا ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق اس کھلی اراضی پر جو آر پی ایس کوارٹرس کے قریب موجود ہے اس اراضی سے ہنومان کی مورتی نمودار ہونے کی اطلاع عام کردی گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے سینکڑوں افراد کا مجمع جو جلوس میں شریک تھا پاٹی گڈہ پہونچ گیا اور اقلیتی فرقہ کے افراد نے اس اراضی پر تعمیر کی مخالفت کی تاہم بیگم پیٹ پولیس نے جمعیت کے ساتھ پہونچکر حالات کو بگڑنے سے بچالیا اور ایک پولیس پکٹ کو قائم کردیا ہے ۔ پولیس کی آمد کے باوجود اکثریتی فرقہ کے افراد کی کثیر تعداد اس اراضی کے قریب جمع تھی ۔ اس اراضی کو ہر مذہب کے افراد استعمال کرتے ہیں ۔ مذہبی پروگرامس اور جلسوں کے لیے تاحال ہر مذہب کے افراد نے اس اراضی کو استعمال کیا لیکن کسی قسم کا کسی کو اعتراض نہیں تھا ۔ لیکن اچانک اس طرح کے واقعہ سے مقامی عوام میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ بیگم پیٹ پولیس نے احتیاطی طور پر اس علاقہ میں چوکسی بڑھا دی ہے ۔۔