بیگم پیٹ میں مسلم قبرستان کے قیام کیلئے زمین کی نشاندہی کا کام جاری

حیدرآباد اور رنگاریڈی کے محکمہ ریونیوکی جانب مشترکہ لینڈسروے کرانے کی تجویز
حیدرآباد27جنوری(سیاست نیوز) حیدرآباد کے مصروف ترین علاقہ بیگم پیٹ میں قبرستان کے قیام کے لیے ایک بارپھر سرگرمیاں شروع ہوگئی ہے۔ضلع رنگاریڈی کے بالانگر منڈل کے تحصیلدارنرسمہاریڈی نے محکمہ ریونیوکے حکام ساتھ بیگم پیٹ پہنچ کر مجوزہ مسلم قبرستان کے لیے زمین کا جائزہ لیا۔اس سلسلہ میں نمائندے سیاست نے بالا نگر تحصیلدار سے تفصیلات حاصل کی ہے ۔ نمائندے سیاست سے بات چیت کے دوران بالانگرتحصیلدار نے بتایا کہ مسلم قبرستان کے لیے زمین کی نشاندہی کو یقینی بنانے کے لیے حیدرآباد اور رنگاریڈی کے محکمہ ریوینوکی جانب سے مشترکہ لینڈ سروے کرانے کی سفارش ضلع کلکٹر رنگارریڈی کو روانہ کی گئی ہے۔نرسمہاریڈی نے بتایاکہ بالا نگرتحصیلدار نے اس سلسلہ میں ایک تحریری مکتوب ضلع کلکٹر رنگاریڈی کو روانہ کردیا ہے ۔ نرسمہاریڈی کا کہناہے کہ بیگم پیٹ ۔فتح نگر لنگ روڈ کے عقب میں حیدرآباد پبلک اسکول سے متصلہ زمین ،مسلم قبرستان کے لیے آلاٹ کرنے پرغورکیاجارہاہے۔تاہم حیدرآباد و رنگاریڈی اضلاع کے سرحدی علاقے میں واقع اس زمین کو قبرستان کو آلاٹ کرانے سے پہلے مشترکہ لینڈسروے کرانا لازمی ہوگیا ہے ۔ اس لیے ضلع کلکٹررنگاریڈی سے دونوں اضلاع کے محکمہ ریونیو کی جانب سے مشترکہ لینڈسروے کرانے کی خواہش کی گئی ہے ۔ حکام کا کہناہے کہ حیدرآباداوررنگاریڈی نے کلکٹروں کی جانب سے مجوزہ مسلم قبرستان کے لیے زمین آلاٹ کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔محکمہ ریونیوکے حکام کا کہنا ہے وزیراعلیٰ کے چندرشیکھرراؤ کی جانب سے کیے گئے وعدے کوپورا کرتے ہوئے بیگم پیٹ اولڈ کسٹم بستی میں مسلم قبرستان کے لیے 2ایکڑزمین الاٹ کی جائیگی ۔ محکمہ ریونیوکا کہناہے کہ مسلم قبرستان کے لیے زمین آلاٹ کرانے کے لیے ضرورت پڑنے پر حیدرآباد پبلک اسکول کی زمین بھی حاصل کی جاسکتی ہے۔ٹی آرایس کے مقامی لیڈرنریندر راؤنے کا کہناہے کہ مسلم قبرستان کے قیام کویقینی بنا نے کے لیے تلنگانہ کے وزیرکمرشیل ٹیکسس و سنیما ٹوگرافی ٹی سرانیواس کو لینڈ سروے کرانے کی تجویز سے واقف کرایا ہے ۔ جس کے بعد ٹی سرینواس نے حیدرآباد ورنگاریڈی کے ضلع کلکٹروں کو مسلم قبرستان کے لیے زمین الاٹ کرنے کے لیے جلد ازجلد مشترکہ لینڈ سروے کرانے کی ہدایت دی ہے ۔ ذرائع کا کہناہے کہ ریاستی وزیر ٹی سرینواس صنعت نگر کے ضمنی انتخابات کا اعلان ہونے سے پہلے سے مسلم قبرستان کے لیے زمین الاٹ کراناچاہتے ہیں۔ تحریک مسلم قبرستان کمیٹی کے صدر حنیف خان و دیگر ارکان نے مشترکہ لینڈسروے کرانے کی تجویزکا خیرمقدم کیاہے۔ تحریک مسلم قبرستان کمیٹی کا کہناہے کہ ٹی سرنیواس کی شخصی دلچسپی کی وجہ سے گذشتہ11سال سے بیگم پیٹ میں مسلم قبرستان کے قیام کا خواب جلد ہی پورا ہوجائیگا۔واضح رہے کہ تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ نے اولڈ کسٹم بستی بیگم پیٹ میں مسلم قبرستان کے 2ایکڑزمین فراہم کا کرنے کایقین دلایا تھا ۔بلکم پیٹ ۔ بیگم پیٹ کے درمیان تعمیر جدید لنگ روڈ کا افتتاح کرنے کے بعد وزیراعلیٰ نے تحریک مسلم قبرستان کمیٹی کے وفد سے ملاقات کی تھی۔اس سلسلہ میں تحریک مسلم قبرستان کمیٹی نے ٹی سرنیواس کی قیاد ت میں وزیراعلیٰ کے سی آر سے مسلم قبرستان کے لیے زمین الاٹ کرنے کی اپیل کی تھی۔جس کے بعد وزیراعلیٰ کے چندر شیکھرراؤ نے تحریک مسلم قبرستان کمیٹی کے ارکان کو یقین دلایاتھاکہ جلدہی اولڈ کسٹم بستی بیگم پیٹ میں مسلم قبرستان کے لیے زمین فراہم کی جائیگی ۔ وزیراعلیٰ کے چندشیکھرراؤ کے اعلان کے بعد اولڈ کسٹم بستی بیگم پیٹ کے مسلمانوں میں مسرت کی لہر دیکھی جارہی تھی۔تاہم مسلم قبرستان کے لیے اراضی الاٹ کرانے سے قبل مشترکہ لینڈ سروے کرانے سے مسلم قبرستان کے قیام میں تاخیر ہونے کااندیشہ بھی ظاہرکیاجارہاہے۔مقامی مسلمانوں نے ریاستی حکومت نے جلد ازجلد قبرستان کے لیے زمین آلاٹ کریں۔