بیگم پیٹ میں مسلم قبرستان کیلئے 2،ایکڑزمین فراہم کرنے کا وعدہ

بلکم پیٹ ۔بیگم پیٹ لنک روڈ کی افتتاحی تقریب کے بعد وزیراعلیٰ کے سی آرکا تیقن
حیدرآباد3اکتوبر(سیاست نیوز) تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ نے اولڈ کسٹم بستی بیگم پیٹ میں مسلم قبرستان کے 2ایکڑزمین فراہم کا کرنے کایقین دلایاہے۔اس سلسلہ میں تحریک مسلم قبرستان کمیٹی کی جانب سے جاری 10سالہ جدوجہد ثمرثابت ہوئی ہے۔ تلنگانہ کے وزیراعلیٰ نے آج بلکم پیٹ ۔بیگم پیٹ لنک روڈ کا افتتاح انجام دیا۔اس موقع پرصنعت نگرکے رکن اسمبلی ٹی سرینواس یادو تحریک مسلم قبرستان کمیٹی کے ارکان سمیت وزیراعلیٰ کے چندرشیکھرراؤ سے نمائندگی کی۔ مسلم قبرستان کمیٹی کے وفد نے وزیراعلیٰ کوبتایا کہ اولڈ کسٹم بستی بیگم پیٹ میں بڑی تعداد میں مسلمان رہتے ہیںتاہم مسلمانوں کی تدفین کے لیے اس علاقے میں قبرستان نہیں ہے۔تحریک مسلم قبرستان کمیٹی کے صدرحنیف خان نے وزیراعلیٰ کے شیکھرراؤ کو بتایا کہ اس وقت پنجہ گٹہ قبرستان بھی تنگ دامنی کا شکوہ کررہاہے۔وزیراعلیٰ نے مسلم قبرستان کمیٹی کے وفد کی جانب سے پیش کردہ مسائل کی سماعت کی۔ وزیراعلیٰ نے سرکاری حکام سے سوال کیاکہ بیگم پیٹ میں اراضی موجود ہے یا نہیں؟حکام نے کے سی آر کو بتایا کہ بیگم پیٹ میں سرکاری اراضی ہے۔ جس کے بعدوزیراعلیٰ نے کمیٹی کے وفد سے سوال کیاکہ مسلم قبرستان کے لیے کتنی اراضی درکار ہے ۔جس پرکمیٹی کے صدر نے وزیراعلیٰ کو بتایا قبرستان کے قیام کے لیے 2ایکڑزمین کی ضرورت ہے ۔ وزیراعلیٰ نے تحریک مسلم قبرستان کمیٹی کے ارکان کو یقین دلایا ہے کہ جلدہی اولڈ کسٹم بستی بیگم پیٹ میں مسلم قبرستان کے لیے زمین فراہم کی جائیگی۔وزیراعلیٰ کے چندشیکھرراؤ کے اعلان کے بعد اولڈ کسٹم بستی بیگم پیٹ کے مسلمانوں میں مسرت کی لہر دیکھی جارہی ہے۔تحریک مسلم قبرستان کمیٹی کے صدر محمد حنیف،جنرل سکریٹری محمد حنیف، باشاہ بھائی صدر مسجدِ کریمہ نے وزیراعلیٰ کے چندرشیکھرراؤکا شکریہ اداکیا۔اس قبل وزیر اعلیٰ کے چندرشیکھرراؤ نے بیگم پیٹ۔بلکم پیٹ کے درمیان جدید تعمیرکردہ لنگ روڈ کا افتتاح انجام دیا۔اس جدید سڑک کی تعمیر کے لیے جی ایچ ایم سی نے 45کروڑ روپئے خرچ کیے ہیں۔1اعشاریہ 41کلومیٹر طویل اور 60چوڑی اس سڑک پر ہر روز 60 ہزار گاڑیوں کی آمدورفت کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔ جی ایچ ایم سی کے حکام نے بیگم پیٹ ، امیر پیٹ ، بلکم پیٹ ، اور صنعت نگرمیں ٹریفک مسائل پر قابو پانے کے لئے ایک سڑک اورریلوئے لائن کے نیچے سے ایک انڈرپاس تعمیر کیاہے۔ 2007ء میں اس پروجیکٹ کے تعمیراتی کاموں کے لئے سنگ بنیاد رکھاگیاتھا ۔ بیگم پیٹ اور بلکم پیٹ کو جوڑنے والے روڈ انڈر بریج کی تعمیر کے لئے ساوتھ سنٹرل ریلوے نے 13کروڑ 36 لاکھ روپئے منظور کیے تھے۔