بیگم پیٹ میں فٹ پاتھ پر قبضہ کے خلاف کارروائی نہ کرنے کا شاخسانہ

اسسٹنٹ سٹی پلانر سبھاش خدمات سے معطل ، پرنسپل سکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق کا فیصلہ
حیدرآباد۔29مئی (سیاست نیوز) پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم ونسق حکومت تلنگانہ مسٹر اروند کمار نے جائزہ اجلاس کے دوران اسسٹنٹ سٹی پلانرسبھاش کو خدمات سے معطل کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے دیگر عہدیداروں کو انتباہ دیا کہ وہ فٹ پاتھ پر ناجائز قبضوں اور شہر میں گندگی کو قطعی برداشت نہیں کریں گے اور نہ ہی فٹ پاتھ اور سڑکوں کو تجارتی مقاصد کے لئے استعمال کی اجازت فراہم کی جائے گی۔مسٹر اروند کمار نے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے تمام زونل کمشنران کا جائزہ اجلاس منعقد کیا تھا اس اجلاس میں کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر دانا کشور کے علاوہ شہر حیدرآباد کے تمام زونل کمشنران اور دیگر اعلی عہدیدار موجود تھے جنہیں مسٹر اروند کمار نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ دونوں شہرو ںمیں کسی بھی مقام پر کچہرے کی عدم نکاسی اور فٹ پاتھ پر قبضوں کی شکایات موصول نہیں ہونی چاہئے اور اگر ایسا ہوتا ہے تو وہ خود اس سلسلہ میں متعلقہ عہدیداروں کے خلاف سخت کاروائی سے گریز نہیں کریں گے ۔اجلاس میں موجود عہدیداروں نے انہیں درپیش مسائل سے پرنسپل سیکریٹری کو واقف کروایاجس پر انہوں نے تیقن دیا کہ وہ ان مسائل کو حل کرنے کے لئے ضروری ہدایات جاری کریں گے لیکن ان مسائل کی بنیاد پر شہر یوں کے مسائل کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا اسی لئے جی ایچ ایم سی عملہ کو مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہر کی صفائی کے علاوہ فٹ پاتھ اور جی ایچ ایم سی کی جائیدادوں پر ہونے والے قبضہ جات کو برخواست کرنے کے اقدامات کرنے چاہئے ۔

انہو ںنے جائزہ اجلاس کے دوران سبھاش کی معطلی کے سلسلہ میں بتایا کہ بیگم پیٹ میں فٹ پاتھ پر کئے جانے والے قبضہ کے سلسلہ میں متوجہ کروائے جانے کے باوجود بھی ان کی جانب سے کوئی کاروائی نہ کئے جانے کے سبب یہ کاروائی کی گئی ہے اور اس طرح اگر احکامات کو نظر انداز کیا جاتا رہے گا اور عوامی شکایت پر کاروائی نہیں کی جاتی ہے تو بھی محکمہ کی جانب سے کاروائی کی جائے گی ۔مسٹر اروند کمار اور مسٹر دانا کشور نے اپنے ماتحتین کو ہدایت دی کہ حکومت اور جی ایچ ایم سی ’صاف حیدرآباد شاندار حیدرآباد ‘ مہم کے تحت کام کر رہی ہے اور اس کے لئے عہدیداروں اور عملہ کی جانب سے مکمل تعاون اور عوامی تائید ناگزیر ہے اس بات کو محسوس کریں۔

جمعۃ الودا ع کے موقع پر مکہ مسجد میں مجلس کو جلسہ کی اجازت
حیدرآباد ۔ 29۔ مئی (سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود نے رمضان المبارک کے آخری جمعہ جمعۃ الوداع کے موقع پر تاریخی مکہ مسجد میں مجلس کو جلسہ یوم القرآن کی اجازت دی ہے ۔ اس سلسلہ میں اسپیشل چیف سکریٹری و انچارج محکمہ اقلیتی بہبود اجئے مشرا نے آج احکامات جاری کئے ۔ احکامات کے مطابق چوتھے جمعہ یعنی 31 مئی کو 2 تا 4 بجے سہ پہر مجلس کو مختلف شرائط کے ساتھ جلسہ یوم القرآن کی اجازت دی گئی ہے۔ جلسہ کیلئے باکس ٹائپ اسپیکرس کے استعمال کی اجازت دی گئی ہے اور مسجد کے اندرونی حصہ میں صرف دو باکس استعمال کئے جاسکیں گے ۔ جلسہ کو سیاسی اغراض کیلئے استعمال نہیں کیا جاسکتا کیونکہ رمضان خالص مذہبی فیسٹول ہے۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون اور ڈائرکٹر اقلیتی بہبود سے ضروری انتظامات کی خواہش کی گئی۔ واضح رہے کہ لوک سبھا انتخابات کے ضابطہ اخلاق کے پیش نظر ابتدائی تین جمعوں میں جلسہ یوم القرآن کی اجازت نہیں دی گئی تھی ۔ اب جبکہ ضابطہ اخلاق ختم ہوچکا ہے، حکومت نے رکن اسمبلی یاقوت پورہ کی نمائندگی اور ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کی سفارش کے بعد جلسہ کی اجازت دے دی ۔