علا الدین بلڈنگ کے سامنے کی جگہ اور جبار بلڈنگ کے لیے معاوضہ کی ادائیگی
حیدرآباد ۔ 7 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : علا الدین بلڈنگ کے سامنے سڑک کشادگی کے کاموں اور جبار بلڈنگس کے انہدام سے حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے کئے جارہے سڑک کشادگی کے کام کے لیے راہ ہموار ہورہی ہے ۔ حیدرآباد میٹرو ریل کے عہدیداروں کے مطابق بیگم پیٹ روڈ پر ایرپورٹ فلائی اوور اور شاپرس اسٹاپ کے درمیان سڑک کشادگی کے دیرینہ زیر التواء کام کو اب ایچ ایم آر اور جی ایچ ایم سی کے مشترکہ آپریشن کے ذریعہ انجام دیا جارہا ہے ۔ مصروف ترین بیگم پیٹ روڈ پر یہ اسٹریچ ٹریفک کی آمد و رفت کے لیے شدید مسئلہ بن گئی کیوں کہ عدالت میں طویل مقدمہ اور ہیرٹیج مسائل کے باعث گذشتہ 30 سال تک علا الدین اور جبار بلڈنگس کے سامنے سڑک کشادگی رکی رہی ۔ علا الدین بلڈنگ کے سامنے 666 مربع گز کھلی جگہ کے لیے 2.14 کروڑ روپئے کا معاوضہ عدالت میں جمع کرنے کے بعد اس کے سامنے بڑے مٹی کے ماونڈ کو گذشتہ ہفتہ ہٹایا گیا اور ایچ ایم آر کی جانب سے مزید 40 فٹ سڑک کو کشادہ کیا گیا ۔ اسی طرح 635 مربع گز زمین اور عمارت کے لیے 5.87کروڑ روپئے ادا کرنے کے بعد جبار بلڈنگ کو اب منہدم کیا جارہا ہے اور یہ کام ایک ہفتہ میں مکمل ہوگا ۔ مسٹر این وی ایس ریڈی نے یہ بات بتائی اور کہا کہ اس انہدام اور سڑک کشادگی سے اہم سڑک بیگم پیٹ ۔ سکندرآباد روڈ پر ٹریفک ہجوم کم ہوگا اور اس سڑک پر ٹریفک کا مسئلہ حل ہوگا اور اب پرکاش نگر میٹرو اسٹیشن کی تعمیر شروع کی جاسکتی ہے ۔ چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما نے حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے آج منعقدہ اجلاس میں ٹریفک کے اہم مسئلہ کو حل کرنے کے لیے جی ایچ ایم سی ، ایچ ایم آر اور رنگاریڈی کلکٹریٹ کی مشترکہ کاوشوں کی ستائش کی ۔۔