بیگم پیٹ ایرپورٹ کی توسیع ، سلم بستی کے انہدام کے خلاف احتجاج

حیدرآباد۔4جون(سیاست نیوز) رسول پورہ ‘ بیگم پیٹ کی سلم بستی کو قدیم ائیرپورٹ کی توسیع کے نام پر منہدم کرنے کی اطلا ع ملتے ہی سی پی آئی گریٹر حیدرآباد سنٹرل زون کنونیر ڈاکٹر سدھاکر کے ہمراہ سی پی آئی قائد سلیم خان اور مقامی عوام کی کثیرتعداد نے متعلقہ عہدیدار وں کے خلاف احتجاجی مظاہر ہ کیا اور رسول پورہ سلم بستی کو ائیر پورٹ بیگم پیٹ کی توسیع کے نام پر منہدم کرنے کے خلاف شدید احتجاج کا انتباہ دیا۔ ڈاکٹر سدھاکر کہاکہ بے سروسامانی کے عالم میں رسول پورہ سلم بستی کے لوگ بنیادی سہولتوں سے محروم بستی میںاپنی زندگی گذررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو چاہئے کہ سب سے پہلے انہدامی کاروائی کا شکار سلم بستیوں کے مکینوں کو متباد ل رہائش فراہم کرے تاکہ بے سروسامانی کے عالم میں شہر حیدرآباد کے پسماندگی کاشکار خاندانوں کو مزید تکالیف کاسامنا نا کرنا پڑے۔ڈاکٹر سدھاکر نے کہاکہ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا غریبوں کے حقوق کے لئے جدوجہد کرنے والی سیاسی جماعت کا نام ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت انہدامی کاروائی کے نام پر رسول پورہ کی سری لنکا بستی‘ اندر نگر کے غریب عوام کو بے گھر کرنے کا منصوبہ بنارہی ہے جس کو سی پی آئی ہرگز برداشت نہیںکریگی ۔ انہوں نے مذکورہ بستیوں کی عوام کو راحت تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کیا ۔