حیدرآباد ۔ 31 مارچ (سیاست نیوز) حیدرآباد سٹی کمشنر آف پولیس انجنی کمار نے ’’نینوسیتم‘‘ کے تحت بیگم بازار میں سی سی ٹی وی کیمرے کا افتتاح کیا۔ اس پروگرام کے تحت یہاں 4043 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر یہاں کے ایک تاجر لکی سنگھ نے کہا کہ پولیس اور تاجر طبقہ کے تعاون کے ذریعہ یہ پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کے تحت یہاں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں تاکہ جرائم کا سدباب ہوسکے۔ علاوہ ازیں کئی تاجروں نے خیال ظاہر کیا اس عمل سے غیرسماجی حرکات پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ بیگم بازار، قطب شاہی دور میں قائم کیا گیا ہے اور آج یہ بازار کم قیمتوں میں اچھے سامان کیلئے اپنی ایک شناخت بنا چکا ہے۔ ویسٹ زون ڈی ایس پی وینکٹیشور راؤ نے کہا کہ 34 کیمروں کی نگہداشت پولیس محکمہ کے زیرانتظام ہوگی جبکہ دیگر کی ذمہ داری کمیونٹی کی ہوگی۔ نینوستم پروگرام کے متعلق پولیس نے تاجر طبقہ میں ماضی میں بھی شعور بیداری مہم چلائی تھی اور اب بھی تاجر طبقہ نے بلا جھجھک اس پروگرام میں اپنا تعاون دیا ہے۔
پولیس عہدیداروں نے کہا کہ کئی مقامات پر کمیونٹی پراجکٹس کو شروع کیا جاچکا ہے۔ نیز سی سی ٹی وی کیمروں کی وجہ سے جرائم کی شرح میں کمی ہوئی ہے کیونکہ کیمرے ہر زاویے سے تصاویر لیتے ہیں اور ان کی فوٹیج سے جرائم پیشہ افراد کو پکڑنا آسان ہوگا۔