نئی دہلی 29 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی کے سماجی پروگرام ’’بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ‘‘نافذ کرنے والے 161 اضلاع میں سے 104 میں جنسی تناسب میں اضافہ درج کیا گیا ہے ۔سرکاری اطلاع کے مطابق اس پروگرام میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اضلاع میں سکم میں شمالی ضلع، ہریانہ میں کرنال اور ریواڑی، ٹاملناڈو میں کڈالور، اتر پردیش میں غازی آباد اور پنجاب میں منسا شامل ہیں ۔ ریاستی سطح پر ہریانہ اور راجستھان میں بہتر نتائج سامنے آئے ہیں۔ خواتین اور اطفال کی فلاح وبہبود کی وزارت نے شاندار کارکردگی کیلئے دس اضلاع کو ایوارڈ سے نوازا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ منصوبہ کی کارکردگی بہت حد تک آدمی کے جوش و خروش اور ضلعی کلکٹروں پر منحصر ہوتی ہے۔
ان اضلاع میں مہاراشٹر کا جلگاؤں، جموں کشمیر کا کٹھوا، راجستھان کا جھنجھنو، مہاراشٹر کا عثمان آباد، مدھیہ پردیش کا گوالیار، ٹاملناڈو کا کڈالور، چھتیس گڑھ کا رائے گڑھ، ہریانہ کا یمنانگر اور پنجاب کا مناسا شامل ہیں۔یہ پروگرام پہلے سال میں 100اضلاع میں شروع کیا گیا تھا اور اسی سال کے آخر تک 58 اضلاع میں پیدائش کے وقت جنسی تناسب میں اضافہ دیکھا گیا۔ دوسرے برس میں یہ منصوبہ 161اضلاع میں شروع کیا گیا جن میں سے 104اضلاع میں پیدائش کے وقت جنسی تناسب میں اضافہ درج کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق مغربی بنگال کو چھوڑ کر تمام ریاستوں نے ’’بیٹی بچاؤ ، بیٹی پڑھاؤ ‘‘پروگرام نافذ کیا ہے ۔ کچھ اضلاع میں پیدائش کے وقت جنسی تناسب میں کمی درج ہوئی۔ ان اضلاع میں اترپردیش کا اٹاوہ، سہارنپور اور بجنور اوراتراکھنڈ کا پتھورا گڑھ اور ہردوار اور مغربی بنگال کا کولکاتا شامل ہیں۔