بیٹی بختاور کو سیاست میں لانے کا منصوبہ

اسلام آباد ۔ یکم اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) : پاکستان کے سابق صدر اور پی پی پی کے معاون صدر نشین آصف علی زرداری اب اپنی بیٹی کو سیاست سے وابستہ کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ زرداری کے تعلقات اپنے بیٹے بلاول بھٹو سے کشیدہ ہیں ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ گذشتہ سال رسمی طور پر بلاول بھٹو نے بھی سیاست سے وابستگی اختیار کی تھی تاہم پارٹی امور چلانے کے تعلق سے باپ بیٹے میں جلد ہی اختلافات پیدا ہوگئے تھے ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق بلاول اس وقت لندن میں مقیم ہیں تاہم اپنی اعلیٰ تعلیم جاری رکھنے کے لیے وہ سیاست سے دو سال تک کنارہ کشی اختیار کرنا چاہتے ہیں تاکہ آکسفورڈ یونیورسٹی سے گریجویشن کی تکمیل کرسکیں ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ بلاول بھٹو کی غیرموجودگی میں پارٹی کو بھٹو خاندان کے کسی نہ کسی فرد کی ضرورت ضرور محسوس ہوگی اور اسی وجہ سے زرداری نے اپنی بیٹی بختاور کو سیاست سے متعارف کروانے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ بختاور کی پارٹی کی سینئر خواتین رہنمائی کریں گی اور یہ کہا جارہا ہے کہ وہ اپنے مرحوم نانا ذوالفقار علی بھٹو کی 4 اپریل کو منائی جانے والی برسی کے موقع پر اپنی پہلی اہم تقریر کریں گی تاہم بلاول بھٹو کی شرکت غیر یقینی بتائی گئی ہے ۔