بیوی اور سسرالی رشتہ دارو ں کے قتل کے بعدخودکشی

نئی دہلی۔/19جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک ایسا خاندان جہاں شادی کی خوشیاں منائی جارہی تھیں وہاں اچانک ایک ایسا رونگٹے کھڑے کردینے والا واقعہ رونما ہوا جس نے شادی کی خوشیوں کو ماتم میں تبدیل کردیا، کیونکہ خاندان کے داماد نے اپنی بیوی، سسر اور نئے دولہے کو گولی مارنے کے بعد خودکشی کرلی۔ یہ واقعہ دہلی کے نواحی علاقہ میں پیش آیا جس کا نام بختاور پور گاؤں ہے۔ 30سالہ ملزم سونو اچانک اپنے سسر 55سالہ بھوپال سنگھ کی رہائش گاہ پہنچا جہاں وہ اپنی بیوی پونم کو واپس لیجانے کی نیت سے آیا تھا کیونکہ اس کی بیوی اور دو سالہ بیٹا اس کے 24سالہ سالے ترون کی شادی کیلئے وہاں مقیم تھے۔ پولیس کی اطلاع کے مطابق سونو کے پونم سے خوشگوار تعلقات نہیں تھے۔ پونم اپنے بھائی ترون کی شادی میں شرکت کررہی تھی جو سونو کو پسند نہیں تھا۔

وہاں پہنچ کر سونو نے پونم کو کار میں بیٹھنے کیلئے کہا کیونہ وہ اپنی بیوی سے کچھ باتیں کرنا چاہتا تھا چونکہ سونو کے اپنی بیوی اور اپنے سسرال والوں کے ساتھ تعلقات اچھے نہیں تھے لہذا یہ دیکھ کر ترون بھی اپنی بہن کے ساتھ کار میں بیٹھ گیا۔ ایک کیلو میٹر دور جانے کے بعد ہی سونو نے ترون اور پونم کو کار میں گولی مار کر ہلاک کردیا۔ اس کے بعد وہ نعشوں کے ساتھ دوبارہ اپنے سسرال پہنچا اور اپنے سسر کو بھی قریب سے گولی ماردی اور اپنی ساس کو بھی ڈھونڈنے لگا تاکہ اسے بھی ٹھکانے لگاسکے لیکن ساس کہیں نظر نہیں آئی۔ جب سونو کے دیگر رشتہ داروں نے اسے پکڑنے کی کوشش کی تو اس نے خودکشی کرلی۔