بیواؤں کو با اختیار بنانے سماجی ذہنیت میں تبدیلی ضروری : وینکیا نائیڈو

نئی دہلی ۔ 23 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام ) : نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے بین الاقوامی یوم بیوگان کے موقع پر زور دیا ہے کہ ملک میں محرومیوں کا سامنا کرنے والی بیواؤں کی فلاح و بہتری کے لیے ذہنیت کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ بیوہ عورتوں کو ہنر مند بنایا جائے اور با اختیار بنانے کے لیے ان کے بچوں کو تعلیم فراہم کی جائے تاکہ ایسی لاکھوں خواتین خالی پن اور خلاء کی صورتحال سے باہر نکل سکیں ۔ نائب صدر جمہوریہ نے سومبا فاونڈیشن کے زیر اہتمام بیوہ خواتین کے بین الاقوامی یوم کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ بیوہ خواتین کے حالات زندگی کو بہتر بنانے کے سماجی کاز کو ایک مشن کے طور پر قبول کرنے اور سماج کی ذہنیت کی تبدیل جیسے دو اقدامات کافری اہم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نئے ہندوستان کے نظریہ میں خواتین کو معاشی طور پر مستحکم بنانا شامل ہے ۔ اس نظریہ کو اگر حقیقت میں تبدیل کیا جاتا ہے تو خواتین پر مظالم اور خواتین کو نظر انداز کرنا جیسے کسی سماجی لعنتیں قصہ پارنیہ بن جائیں گی ۔ نائب صدر نے اپیل کی کہ بیواؤں کے بچوں کے ساتھ تعلیم کے شعبہ میں ترجیح سلوک کے لیے حکومت سیول سوسائٹی اور خانگی شعبہ متحدہ مساعی کریں ۔ وینکیا نائیڈو نے بیواؤں کو الگ تھلک رکھنے اور ان کی اہانت جیسی لعنتوں کے خاتمہ کے لیے سماجی رویہ کو بدلنے کی ضرورت ہے ۔ وزیر قانون روی شنکر پرساد نے کہا کہ بیواؤں کے حقوق کی حمایت میں ان کی وزارت فیصلہ کن مداخلت کرے گی ۔