ایم آر او دفاتر پر درخواست فارمس کی وصولی ، اتوار اور پیر کو سیاست ہیلپ لائن کا خصوصی کیمپ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ٹی آر ایس حکومت نے اپنے انتخابی وعدے کی تکمیل کرتے ہوئے بیواؤں ، معذورین اور ضعیفوں کو دئیے جانیوالے وظائف کی رقم میں اضافہ تو کیا اور ان وظائف سے لاکھوں افراد استفادہ بھی کررہے ہیں لیکن شہر حیدرآباد خاص کر پرانا شہر میں ایسے بے شمار مرد و خواتین ہیں جو اس قسم کے وظائف سے ہنوز محروم ہیں ۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے گذشتہ نومبر میں ضلع محبوب نگر سے آسرا پنشن ڈیلیوری اسکیم شروع کی تھی چونکہ انتخابی مہم کے دوران انہوں نے وظیفہ پیرانہ سالی و معذورین و بیواؤں کو دئیے جانے والے وظیفے میں اضافہ کا وعدہ کیا تھا ۔ اس لیے بیواؤں کو دئیے جانے والے وظیفہ اور وظیفہ پیرانہ سالی کو 200 روپئے ماہانہ سے بڑھا کر 1000 روپئے اور معذورین کو وظیفہ کو ماہانہ 500 روپئے سے بڑھاکر 1500 کردیا ۔ ٹی آر ایس حکومت کے فیصلہ کی ریاست میں ستائش کی گئی ۔ سیاست ہیلپ لائن نے بھی اس ضمن میں رہنمائی کیلئے ہیلپ ڈیسک قائم کرکے بیواؤں ، ضعیف خواتین اور معذورین کی رہنمائی میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی ۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے تمام منڈل ریونیو آفس ( ایم آر او دفاتر ) میں مذکورہ وظائف کیلئے درخواست فارمس وصول کئے جارہے ہیں ۔ بیواؤں کو ماہانہ 1000 روپئے وظیفہ حاصل کرنے شوہر کا ڈیٹھ سرٹیفیکٹ ضروری ہے ۔ اس کے لیے راشن کارڈ اور آدھار کارڈ بھی لازمی ہے ۔ جہاں تک معذورین کا سوال ہے ان کے لیے درخواست فارم کے ساتھ ہینڈی کیاپ سرٹیفیکٹ پیش کرنا ضروری ہے ۔ اسی طرح وظیفہ پیرانہ سالی کے تحت ماہانہ 1000 روپئے حاصل کرنے کے خواہاں افراد کی عمر آدھار کارڈ میں 65 سال سے زائد درج ہونی ضروری ہے ۔ سیاست ہیلپ لائن نے وظیفہ بیوگان ، وظیفہ پیرانہ سالی اور وظیفہ معذورین کے فارمس کے پر کرنے اور ضروری دستاویزات کے حصول میں رہنمائی کے لیے اتوار اور پیر کو سیاست کے محبوب حسین جگر ہال میں دو روزہ خصوصی کیمپ کا اہتمام کیا ہے ۔ اس کیمپ میں ضرورت مندوں کی ہر طرح سے رہنمائی کی جائے گی ۔ دیگر تفصیلات کے لیے فون نمبرات 9391160364 پر سید خالد محی الدین اسد اور 8185905134 پر سید سلیم الدین سے ربط کیا جاسکتا ہے ۔۔