نئی دہلی، 28 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکز حکومت نے بین ریاستی کونسل اور اس کی اسٹینڈنگ کمیٹی کی آج تشکیل نوکردی۔وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں قائم بین ریاستی کونسل میں چھ مرکزی وزرا تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے وزرائے اعلی اور ایڈمنسٹریٹر رکن بنائے گئے ہیں جب کہ 10مرکزی وزیروں کو اس کے مستقل مدعو اراکین کے طور پر شامل کیا گیا ہے ۔وزیراعظم نے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کو اسٹینڈنگ کمیٹی کا چیئرمین مقرر کرنے کے ساتھ ہی چار مرکزی وزیروں اور سات ریاستوں کے وزرائے اعلی کو اس کا رکن بنایا گیا ہے۔
جے این یو طلبہ یونین کا پولیس ہیڈکوارٹر کے روبرو احتجاج
نئی دہلی ۔ 28 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) جے این یو کے طلبہ نے پولیس ہیڈکوارٹر کے روبرو لاپتہ یونیورسٹی کے طالب علم 27 سالہ نجیب احمد کی تلاش سے قاصر رہنے پر بطور احتجاج پولیس ہیڈکوارٹر کے روبرو احتجاجی مظاہرہ کیا۔ نجیب احمد 15 اکٹوبر کو یونیورسٹی کے احاطہ سے لاپتہ ہوگیا تھا۔ قبل ازیں اے بی وی پی (بی جے پی کا طلبہ شعبہ) کے ارکان سے اس کی تکرار ہوئی تھی اور اے بی وی پی کے کارکنوں نے اسے زدوکوب کیا تھا ۔