نئی دہلی ۔ 26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بین ۔ ذات شادیوں کے ذریعہ ڈاکٹر امبیڈکر اسکیم فار سوشیل انٹگریشن پر عمل درآمد میں کمی اور اس سلسلہ میں سردمہری کی وجہ اس تعلق سے عوام میں بیداری کا فقدان ہے کیونکہ 2017-18ء میں ہندوستان بھر میں صرف 136 جوڑوں ہی نے اس اسکیم سے استفادہ کیا ہے۔ ڈاکٹر امبیڈکر فاونڈیشن کو جو ایک خودمختار ادارہ ہے، 582 پروپوزلس موصول ہوئے تھے جس میں 135 پروپوزلس منظور کئے گئے۔ یہ بات وزارت سماجی انصاف و امپاورمنٹ کے ایک سینئر عہدیدار نے بتائی۔ انہوں نے کہاکہ دیگر سفارشات زیرغور ہیں۔ 2013ء میں شروع کی گئی اس اسکیم کا مقصد سماجی اعتبار سے ایک جرأتمندانہ اقدام کی حوصلہ افزائی کرنا ہے اور جوڑوں کو ترغیب دلانا ہے۔ اس اسکیم کے تحت سالانہ 500 جوڑے درخواست دے سکتے ہیں۔