بلیشور، 10 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) مقامی تکنیک سے تیار نیوکلیائی صلاحیت کا حامل 5000 کلومیٹر تک اپنے ہدف کو ٹھیک ٹھیک نشانہ لگانے کی صلاحیت والی بین البراعظمی بیلسٹک میزائل اگنی۔5 کا پیر کے دن کامیاب تجربہ کیا گیا۔دفاعی تحقیقی ادارہ (ڈی آر ڈی او) نے اس میزائل کا اڈیشہ کے عبدالکلام جزیرہ سے دوپہر میں ایک بج کر 30 منٹ پر تجربہ کیا گیا۔ اس بین البراعظمی میزائل کے تجربہ سے ہندوستان دنیا کا پانچواں ملک بن گیا ہے ۔ تین مرحلوں میں ٹھوس ایندھن سے چلنے والی اگنی۔5 میزائل کو عبدالکلام جزیرہ (وہیلرہ جزیرہ) میں واقع ٹیسٹنگ سینٹر ۔4 سے ہوامیں داغا گیا۔یہ میزائل ایک ٹن سے زیادہ وزنی پے لوڈ لے جاسکتی ہے اور ایک ساتھ کئی اہداف پر حملہ کرسکتی ہے ۔ اس میزائل کو اسٹریٹیجک فورس کمانڈ اور ڈی آر ڈی او نے سب سے اعلی تکنیک کا استعمال کرکے مشترکہ طور سے اسے تیار کیاہے ۔ اس کا پہلا تجربہ 19 اپریل 2012 کو کیا گیا تھا۔ذرائع نے بتایا کہ اس میزائل کا یہ ساتوں کامیاب تجربہ ہے اس سے پہلے اس کا چھٹا تجربہ 3 جون 2018 کو کیا گیا تھا۔اگنی سیریز کی میزائل میں اگنی۔5 سب سے ایڈوانس ورزن ہے جس میں کئی نئی تکنیکوں کا استعمال کیا گیا ہے ۔ ملک میں 700 کلومیٹر تک مار کرنے کی صلاحیت والی اگنی۔1 ، تقریبا 2000 کلومیٹر تک حملہ کرنے کی صلاحیت والی اگنی۔2ا ور تقریبا 3000 کلومیٹر تک کی حملہ کرنے کی صلاحیت والی اگنی۔3، اور اگنی ۔4 میزائل پہلے سے ہی موجود ہے ۔