بین الاقوامی عدالت میں اسرائیل کیخلاف فلسطین کی شکایت

یروشلم ۔ 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) فلسطینی ایک بین الاقوامی فوجداری عدالت میں اسرائیل کے خلاف مجرمانہ کارروائی چلانے کیلئے اپنی پہلی فائل کا ادخال کریں گے۔ فلسطین نے حالیہ کچھ عرصہ سے دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ بہتر سفارتی تعلقات مرکوز کرنے اور مختلف عالمی مجالس کو اپیلیں کرتے ہوئے یہ خواہش کی تھی کہ فلسطینی سرزمین پر اسرائیل اپنا غالبانہ قبضہ برخاست کردے تاکہ ایک آزاد مملکت فلسطین وجود میں آئے۔ فائل آئی سی سی کے چیف پراسیکیوٹر فاٹو بین سوڈا کو 25 جون کو حوالے کی جائے گی جس میں اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی سطح پر وضع کردہ قوانین کی خلاف ورزی کا تذکرہ کیا گیا ہے۔ فلسطین کی وزارت خارجہ کے عہدیدار عمار مجازی نے مغربی کنارہ میں اخباری رپورٹرس سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ یکم ؍ اپریل کو فلسطین نے باقاعدہ طور پر آئی سی سی میں شمولیت اختیار کی تھی تاکہ غزہ پٹی میں گذشتہ جنگ کے دوران اسرائیل کے ذریعہ ارتکاب کئے گئے جنگی جرائم پر اس کا مواخذہ کیا جائے۔ مسٹر حجازی نے بتایا کہ مذکورہ فائل عام نوعیت کی ہے جس میں صرف اعداد و شمار پیش کئے گئے ہیں۔ تاہم اسرائیل جو کچھ بھی کررہا ہے، فائل کے مطالعہ سے اس کی واضح تصویر سامنے آجاتی ہے۔