بین الاقوامی دباؤ کے باوجود ایران میں ایک شخص کو سزائے موت

تہران ۔یکم جون ( سیاست ڈاٹ کام ) ایران نے آج ایک شخص کو پھانسی پر لٹکادیا ۔ اُس پر الزام تھا کہ وہ جلاوطن اپوزیشن گروپ سے الحاق رکھتا تھا ‘ حالانکہ بین الاقوامی سطح پر اسلامی جمہوریہ ایران پر سزائے موت پر عمل آوری ملتوی کردینے دباؤ پڑرہا تھا ۔ سرکاری خبر رساں ادارہ ’ارنا‘ کے بموجب غلام رضا خسروی سودجانی کو خدا کے خلاف جنگ کرنے کا مجرم قرار دیا گیاتھا کیونکہ اُس نے پیوپلزمجاہدین آرگنائزیشن آف ایران کی مدد کی تھی۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا تھا کہ خسروی کے خلاف مقدمہ ناانصافی ہے ‘تاہم اسے پھانسی پر لٹکانے کے چند گھنٹے بعد اس کا اعلان کردیا گیا ۔ بین الاقوامی انسانی حقوق اداروں نے اس سزائے موت کی شدت سے مذمت کی ہے ۔