واشنگٹن ، 10 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی خلائی ادارے ناسا کے مطابق تین مختلف قومیتوں کے خلا باز انٹرنیشنل خلائی اسٹیشن پر تقریباً چھ ماہ قیام کرنے کے بعد پیر کی صبح زمین پر لوٹ آئے ہیں۔ ان تین خلابازوں کا تعلق امریکہ، روس اور جرمنی سے ہے۔ انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن کے 41 ویں مشن میں شریک خلا بازوں کی ٹیم کے لیڈر روسی خلا باز میکسم سوورائیف تھے۔ دوسرے دو خلا باز امریکہ کے رِیڈ وائزمین اور یورپی خلا باز الگیزانڈر گیرسٹ تھے، جن کا تعلق جرمنی سے ہے۔ یہ خلا باز اتوار اور پیر کی درمیانی شب روسی خلائی ادارہ کے ایک تین ٹن وزنی کیپسیول سویوز میں سوار ہو کر زمین پر بحفاظت پہنچے۔ تینوں خلا بازوں نے جملہ 165 ایام اکٹھے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر گزارے۔ ناسا کے مطابق تینوں خلا بازوں نے خلا میں مجموعی طور پر 70 ملین میل یا 112 ملین کلومیٹرز سے زائد کا فاصلہ طے کیا۔ خلائی اسٹیشن پر قیام کے دوران جولائی کے مہینے میں خلا بازوں نے مختلف سائنسی تحقیقی پراجیکٹس کی تکمیل کیلئے ایک ہفتے کے دوران 82 گھنٹے کھلے خلائی ماحول میں گزار کر ایک نیا ریکارڈ قائم کیا تھا۔ خلائی اسٹیشن پر قیام کے دوران تینوں خلاباز سائنسی ریسرچ کے پہلے سے جاری کئی جدید پراجیکٹس میں بھی شریک ہوئے۔ ان میں زمین کی سطح پر ہونے والی نقل و حرکت کے باریک ترین مشاہدے سے لے کر مستقبل کیلئے انتہائی جدید آلات کی تیاری اور انسانی بدن کی ہڈیوں اور عُضلات پر مرتب ہونے والے مجموعی زمینی ماحول کے اثرات تک مختلف منصوبے شامل ہیں۔