بین الاقوامی جوہری توانائی ادارہ کے سربراہ کا آج دورہ ہند

نئی دہلی 26 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) بین الاقوامی جوہری توانائی ادارہ کے ڈائرکٹر جنرل یوکیہا امانو کل ہندوستان کا دورہ کرنے والے ہیں اور امکان ہے کہ وہ راجستھان جوہری توانائی پلانٹ کا دورہ کرینگے ۔ مسٹر امانو وزارت خارجہ کے علاوہ محکمہ جوہری توانائی کے عہدیداروں کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کرینگے ۔ امکان ہے کہ وہ ہند ۔ امریکہ نیوکلئیر معاہدہ پر ہوی پیشرفت کے تعلق سے بھی تبادلہ خیال کرینگے ۔ ہندوستان نے گذشتہ سال ہی جوہری توانائی ادارہ کے اضافی پروٹوکول کی توثیق کردی تھی جس کے نتیجہ میں ملک میں 22 نیوکلئیر تنصیبات کا احاطہ ہوگا جن میں 14 جوہری ری ایکٹرس بھی شامل ہیں۔ ان توثیق کے بعد بین الاقوامی جوہری توانائی ادارہ ہندوستان کے ان ری ایکٹرس کا مشاہدہ کرسکتا ہے ۔ واضح رہے کہ چند دن قبل ہی ہندوستان نے انڈین نیوکلئیر انشورنس پول پر ایک بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد عمل میں لایا تھا ۔ اس کانفرنس میں ہندوستان نے رسک مینجمنٹ سے متعلق جوہری توانائی کے شعبہ میں تفصیلات سے واقف کروایا تھا ۔