نئی دہلی ۔23 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) عوامی شعبہ کے بینک ملازمین کی یونینوں نے آج اپنی چار روزہ ملک گیر ہڑتال سے دستبرداری اختیار کرلی جبکہ انتظامیہ نے اجرتوں میں 15 فیصد اضافہ سے اتفاق کرلیا ، جو سالانہ 4,725 کروڑ روپئے کا اضافی بوجھ عائد کرے گا ۔ نیز مہینہ میں دوسرے اور چوتھے شنبہ کے ایام کو تعطیل قرار دینے کے مطالبہ کو بھی قبول کرلیا گیا ۔ تاہم بینکس اس کے بدلے بقیہ ہفتہ کے ایام مکمل دن کام کریں گے جو نصف دن کام کے موجودہ طریقہ میں تبدیلی ہوگا ۔ یونائٹیڈ فورم آف بینک یونینس کے کنوینر ایم وی مرلی نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ انڈین بینک اسوسی ایشن کے ساتھ آج کی بات چیت میں اُجرت پر نظرثانی نومبر 2012 ء کے استقدامی اثر کے ساتھ 15 فیصد پر طئے ہوگئی ۔