بینک کھاتہ کھولنے کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کی مساعی

حیدرآباد۔ 27 اگست (سیاست نیوز) ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے بینک کھاتے کھولنے کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آر بی آئی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اب چھوٹے کھاتہ داروں کو بینک کھاتہ کھولنے کے لئے دو علیحدہ دستاویزات پیش کرنے کی ضرورت باقی نہیں رہی بلکہ صرف ایک دستاویز پیش کرنے پر کھاتہ کھولا جاسکتا ہے۔ چھوٹی رقومات کے لئے کھولے جانے والے کھاتوں کیلئے اب دستاویزات پیش کرنے میں ہونے والی دشواریاں ختم ہوجائیں گی۔ درخواست گزار کو چاہئے کہ وہ درخواست فارم کے ساتھ دو تصاویر اور کوئی ایک رہائشی پتہ کی نقل پیش کرنی ہوگی۔ چھوٹے کھاتے کے متعلق وضاحت کرتے ہوئے یہ بات بتائی گئی ہے کہ ایک سال میں اس کھاتہ کے ذریعہ صرف ایک لاکھ روپئے تک کا لین دین یا کاروبار ممکن ہے۔ جبکہ اس کھاتہ سے ماہانہ صرف 10 ہزار روپئے منہا کئے جاسکتے ہیں۔ کھاتے میں 50 ہزار روپئے سے زائد کی رقم کسی بھی وقت ڈپازٹ نہیں رکھی جاسکتی۔ آر بی آئی اور سنٹرل بینک نے اس سہولت کی فراہمی کے اعلان کے ذریعہ اُن افراد کو راحت کا سامان مہیا کیا ہے جو اپنے شہروں سے ہٹ کر چھوٹے موٹے کام کرتے ہوئے زندگی گزار رہے ہیں۔ بیرون ریاست یا بیرون شہر خدمات انجام دینے والوں کے پاس رہائشی دستاویزات کا مسئلہ ہوتا ہے، اسی لئے وہ بینک کھاتے نہیں کھول پاتے لیکن اب شناختی کارڈ یا دیگر وہ دستاویزات جن پر مستقل پتہ درج ہو، پیش کرتے ہوئے بینک میں کھاتہ کھولا جاسکتا ہے۔ آر بی آئی کے اس اقدام سے بیرونی ملازمین بالخصوص چھوٹے کام کاج سے جڑے لوگوں کو کافی فائدہ ہوگا چونکہ بینک کھاتہ کھولنے کے جو فوائد ہیں وہ انہیں حاصل ہوتے رہیں گے۔ بینکوں میں طلبہ کے کھاتے کھولنے کے معاملات کے ساتھ ساتھ اب یہ معاملہ بھی جوڑ دیا گیا ہے۔ چھوٹی رقومات کے لین دین کیلئے کھولے جانے والے ان کھاتوں کے ذریعہ عام شہری جو بینک میں کھاتہ رکھنے کا متحمل نہیں تھا، وہ بھی اب بینک میں کھاتہ کھلوا سکتا ہے اور بینک کاری نظام سے خود کو مربوط رکھتے ہوئے بینک کی سہولتوں سے استفادہ کا متحمل قرار پا سکتا ہے۔