نئی دہلی ۔ 28 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : دہلی کی عدالت نے سال 2008 میں اسٹیٹ بینک آف بیکانیر اینڈ جئے پور سے 24 لاکھ روپئے لوٹنے کے الزام میں 5 افراد کو 7 سال کی قید بامشقت کی سزا سنائی ہے ۔ ایڈیشنل سیشن جج راجیش کمار گوئیل نے 5 ملزمین منان ، بلیحندر اور پپو ، امیت اوست پرکاش کو بینک ڈکیتی کے ارتکاب پر یہ سزا سنائی ۔ جنہوں نے 17 نومبر 2008 کو بینک کھلتے ہی یہ واردات انجام دی تھی ۔ قبل ازیں عدالت نے بینک اسٹاف کی جانب سے ملزمین کی شناخت اور بیانات ریکارڈ کئے تھے ۔ یہ واقعہ باورنا روڈ دہلی میں واقع بینک میں پیش آیا تھا ۔ عدالت نے ملزمین کے اس استدلال کو مسترد کردیا کہ انہیں جھوٹے الزامات میں پھنسایا گیا ہے اور یہ وضاحت کرنے سے قاصر رہے کہ گواہوں نے ڈکیتی کیس میں ان ہی لوگوں کی نشاندہی کیوں کی ہے ۔ دہلی پولیس نے ملزمین کو دوسرے کیسوں میں گرفتار کیا تھا ۔ پوچھ تاچھ کے دوران بینک ڈکیتی کا انکشاف کیا ۔