نئی دہلی 2 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چار روزہ زنجیری ہڑتال کا آغاز کرتے ہوئے عوامی شعبہ کے بینک ملازمین نے آج جنوبی ہند کے علاقوں میں پہلے دن ہڑتال کی اور کام سے غیر حاضر رہے ۔ دوسرے دن کل چہارشنبہ کو شمالی ہند کے بینک ملازمین ہڑتال کرینگے ۔ آل انڈیا بینک ائمپلائز اسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری سی ایچ وینکٹ چلم نے ادعا کیا کہ عوامی شعبہ کے بینکس کی جملہ 22,000 برانچس آج جنوبی ہند میں بند رہیں اور تقریبا دیڑھ لاکھ ملازمین نے ہڑتال میں حصہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ چینائی کلئیرنگ ہاوز سنٹر آج کی ہڑتال سے متاثر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تقریبا 1,75,000 کروڑ روپئے مالکت کے 2.5 کروڑ چیکس ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے کلئیرنس سے رک گئے ۔ تاہم خانگی شعبہ کے بینکس نے آج بھی کام کیا ۔ چھ ریاستوں اور ایک مرکزی زیر انتظام علاقہ میں یہ ہڑتال رہی تھی ۔ ملازمین کا مطالبہ ہے کہ ان کی تنخواہوں میں فوری اضافہ کیا جائے اور کام کے ایام کو چھ سے گھٹاکر پانچ کردیا جائے ۔ چار روزہ زنجیری ہڑتال کے دوسرے دن کل چہارشنبہ کو شمالی ہند کے عوامی شعبہ کے بینک ملازمین ہڑتال کریں گے ۔