بی جے پی صدر امیت شاہ کا دعوی ۔ سدارامیا حکومت پر دھوکہ ‘ داداگری اور موروثی سیاست کا الزام ۔ کرناٹک میں کامیابی کا یقین
کلبرگی 26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی صد رامیت شاہ نے آج کانگریس صدر راہول گاندھی کو پنجاب نیشنل بینک اسکام پر ان کی وزیر اعظم مودی پر تنقیدوں کیلئے حذف ملامت بنایا اور یہ دعوی کیا کہ کسی بھی حکومت نے دھوکہ بازی اور بینک اسکامس کے خلاف اتنی تیزی سے کارروائی نہیں کی تھی جتنی تیزی سے مودی حکومت کارروائی کر رہی ہے ۔ انہوںنے کرناٹک میں سدارامیا حکومت پر بھی تنقید کی اور کہا کہ وہ دھوکہ ‘ داداگری اور موروثی سیاست پر عمل کر رہی ہے ۔ بی جے پی صدر نے کہا کہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ اور سی بی آئی کی جانب سے اس کیس میں فوری کارروائی کی گئی ہے ۔ انہوں نے یہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کے علاوہ کسی بھی حکومت نے ‘ جو اب تک قائم ہوئی ہیں ‘ دھوکہ بازیوں اور اسکامس کے خلاف اتنی تیزی سے کارروائی نہیں کی تھی ۔ حکومت کی جانب سے کسی بھی دھوکہ دہی کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے ۔ ان سے پنجاب نیشنل بینک دھوکہ دہی کیس میں وزیر اعظم مودی کے خلاف راہول گاندھی کے ریمارکس اور تنقیدوں پر سوال کیا گیا تھا ۔ کل کرناٹک کے اضلاع ویجا پور اور باگل کوٹ میں اپنی ریلیوں کے دوران راہول گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو کرپشن پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور کہا کہ خود کو ملک کا چوکیدار قرار دینے والے نریندر مودی بینک دھوکہ دہی مسئلہ پر خاموش کیوں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے پہلے ہی اس میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور اس سے قبل سی بی آئی نے بھی جاریہ ماہ ہی ایف آئی آر درج کی ہے ۔ امیت شاہ کے بموجب انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے نیرو مودی کی جائیدادوں پر دھاوے کرتے ہوئے زیورات اور کچھ شئیرس بھی ضبط کئے ہیں اس کے علاوہ بینک اکاؤنٹس کو بھی منجمد کردیا گیا ہے ۔ قبل ازیں انہوں نے کہا تھا بی جے پی کرناٹک میں آئندہ انتخابات میں حکومت قائم کریگی کیونکہ سدارامیا انتظامیہ تمام محاذوں پر ناکام ہوگیا ہے ۔ وہ کرپشن پر قابو پانے میں بھی ناکام ہے اور وہ منادر و مٹھ سے بھی ناانصافی کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن سدارامیا حکومت کی پہچان بن گیا ہے ۔ امیت شاہ نے دعوی کیا کہ کرناٹک کے عوام ناکام سدارامیا حکومت کو تبدیل کرکے یدی یورپا کی زیر قیادت بی جے پی حکومت کی تشکیل کیلئے تیار ہیں کیونکہ یہ حکومت پانچ سال میں ہرمحاذ پر ناکام ہوگئی ہے۔حکومت کی رشوت خوری کے چرچے ہر زبان پر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے حیدرآباد ۔کرناٹک اور دوسرے علاقوں میں بی جے پی کے تئیں عوام کا جوش وخروش دیکھنے لائق ہے ،ہر علاقہ سے پارٹی کو بہتر ردعمل مل رہا ہے اور آئندہ انتخابات میں بی جے پی کی حکومت کی تشکیل یقینی ہے ۔امیت شاہ نے کلبرگی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے الزام لگایا کہ حکومت کی جانب سے پیپلز فرنٹ آف انڈیا اور سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی کے خلاف مقدمات سے دستبرداری اختیار کی گی ہے جس سے سدارمیاحکومت کی یکطرفہ کارروائی کا پتہ چلتا ہے ۔ انہوں نے طلاق ثلاثہ بل سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ خواتین کی اکثریت کی حمایت اس بل کو حاصل ہے اور مودی حکومت خواتین کو مساوی اختیارات او ر ان کے حقوق کی فراہمی کی پابند ہے ۔اس مسئلہ پر سپریم کورٹ نے جو فیصلہ دیا اس لحاظ سے ضروری قانون حکومت لائیگی ۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں بی جے پی و سنگھ پریوار کے 25 کارکنوں کا قتل کیاگیا جس کے خلاف حکومت نے کوئی کارروائی نہیں کی ۔انھوں نے کہاکہ کرناٹک کی حکومت تمام محاذوں پرناکام ہوگئی اور کرپشن معاملات میں اضافہ ہوگیا ہے ۔امیت شاہ نے کہا کہ کرناٹک میں حکمرانی کیسی ہوتی ہے ، اگر دیکھنا ہوتو ملک ارجن کھرگے کے حلقہ میں دیکھنا ہوگا جہاں دیگر علاقوں سے زیادہ پسماندگی ہے ۔ امیت شاہ نے مرکزی حکومت کی جانب سے ریاستی حکومت کو دی گئی مالیاتی امداد کی تفصیلات سے بھی واقف کروایا اور کہاکہ فینانس کمیشن میں کرناٹک کیلئے مرکز کا حصہ 88500کروڑ روپئے تھا اس کو بڑھا کر 2لاکھ 19ہزار کروڑروپئے کردیاگیا ۔