بینک اسکام :مودی حکومت جوابدہی سے بچنے کوشاں :کانگریس

نئی دہلی24فروری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے نئے بینک اسکام کے سامنے آنے اور ان سے متعلق حقائق کے سلسلے میں مسلسل ہونے والے انکشافات پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے آج اس کی جلد از جلد انکوائری کرانے کا مطالبہ کیااور الزام لگایا کہ مودی حکومت ان اسکام کی جوابدہی سے بچنے کی کوشش کررہی ہے ۔کانگریس کے سینئر لیڈر کپل سبل نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقد خصوصی پریس کانفرنس میں کہا کہ نیرو مودی اور میہول چوکسی کے بعد اب دوارکاپرساد سیٹھ نام کا ایک اور گھپلہ باز بینکوں کا 390 کروڑ روپے لے کر بیرون ملک فرار ہوگیا ہے ۔ اس اسکام کا معاملہ اگست 2017میں سامنے آیا اور فروری میں اس کے خلاف گڑگاوں میں ایف آئی آر درج کی گئی ۔ اس سے پہلے ہی وہ ملک سے بھاگ گیا۔مسٹر سبل نے کہا کہ بینکوں میں عام آدمی کا پیسہ جمع ہے اور ان پر ڈاکہ ڈال کر گھپلے باز امیر ہورہے ہیں اور بیرون ملک بھاگ رہے ہیں۔ ریزرو بینک کو جلد سے جلد ان اسکام کی جانچ کرنی چاہئے اور جن لوگوں کا پیسہ لوٹا گیا اسے واپس کیا جانا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت اسکام کی ذمہ داری سے بچنے کی کوشش کررہی ہے لیکن وہ بچ نہیں سکتی۔ پنجاب نیشنل بینک میں وزارت خزانہ کا ایک نمائندہ مقرر کیا گیا تھا جس نے امرت سر الیکشن بھی لڑا۔ حکومت کی طرف سے وہ بینک کے نمائندہ تھے ۔ ان کا رول کیا تھا اس کی بھی انکوائری ہونی چاہئے۔