اسلام آباد 7 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور پاکستان کی مرکزی بینکوں کی کراچی اور ممبئی میں شاخیں کھولنے کی بات چیت آخری مرحلہ میں پہونچ گئی ہے۔ باہمی تجارتی تعلقات کو معمول پر لانے کے اقدامات کے ایک حصہ کے طور پر یہ بات چیت جاری ہے۔ ہندوستانی سفیر ٹی سی اے راگھون نے انکشاف کیاکہ بینکوں کی شاخیں کھولنے کی بات چیت آخری مرحلہ میں ہے اور یہ دونوں ممالک کا ایک عظیم کارنامہ ہوگا کیونکہ اِس کے نتیجہ میں دونوں ممالک کی برآمداتی اور درآمداتی تجارت میں اضافہ ممکن ہے۔ روزنامہ ڈان کی اطلاع کے بموجب ہندوستانی سفیر راگھون تجارتی اور صنعتی شعبہ کے قائدین سے ظہرانے پر منعقدہ اجلاس میں خطاب کررہے تھے جس کا اہتمام پاکستانی چیمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے فیڈریشن نے کراچی میں کیا تھا۔ وزیر تجارت پاکستان خرم دستگیر خان نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ دونوں ممالک تین بینکوں کو ایک دوسرے کی سرزمین پر شاخیں کھولنے کی اجازت دینے کے لئے مذاکرات میں مصروف ہیں کیونکہ اِس سے باہمی تجارتی تعلقات میں اضافہ ممکن ہے۔
سرکاری بینک اسٹیٹ بینک آف انڈیا اور بینک آف انڈیا کی 1965 ء تک کراچی اور لاہور میں شاخیں تھیں لیکن اُنھیں اِسی سال دونوں ممالک کے درمیان جنگ کی وجہ سے بند کردیا گیا تھا۔ تاجر برادری کی جانب سے اور دونوں ممالک کے عوام کی جانب سے کراچی اور ممبئی میں ہندوستان اور پاکستان کی بینکوں کی شاخیں کھولنے کا پرزور مطالبہ جاری تھا۔ اُنھوں نے اُمید ظاہر کی کہ اِن شاخوں کے قیام سے مستقبل قریب میں ہندوستان اور پاکستان کے باہمی تجارتی تعلقات میں اضافہ کا امکان ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے حال ہی میں ریزرو بینک آف انڈیا کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے خواہش ظاہر کی ہے کہ 3 پاکستانی بینکیں ہندوستان میں شاخیں قائم کرنا چاہتی ہیں۔