بینکوں کی کُل ہند ہڑتال ملتوی

نئی دہلی 17 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سرکاری شعبہ کی بینکوں کے ملازمین کی یونینوں نے 20 جنوری سے 2 روزہ مجوزہ ہڑتال ملتوی کردی کیونکہ انتظامیہ نے ملازمین کی اُجرتوں میں اضافہ سے اتفاق کرلیا ہے۔ جنرل سکریٹری نیشنل آرگنائزیشن آف بینک ورکرس اشونی رانا نے کہاکہ آئی بی اے کے ساتھ آج کے اجلاس میں مثبت پیشرفت دیکھی گئی اور تنخواہوں میں سابقہ پیشکش 5 فیصد کے اضافہ کو بڑھاکر 9.5فیصد کردیا گیا چنانچہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ 20جنوری سے شروع ہونے والی ہڑتال ملتوی کردی جائے۔ یونینس کے کنوینر سی ایچ وینکٹاچلم نے کہاکہ ہندوستانی بینکوں کی اسوسی یایشن آئی بی اے کا آئندہ اجلاس 27 جنوری کو مقرر کیا گیا ہے۔

بھٹکل کرناٹک پولیس کی تحویل میں
نئی دہلی 17 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) این آئی اے کی خصوصی عدالت نے آج کرناٹک پولیس کی درخواست قبول کرتے ہوئے انڈین مجاہدین کے معاون بانی یٰسین بھٹکل کو 28 جنوری تک کے لئے تحویل میں دے دیا۔ اُن کی یہ تحویل اپریل 2010 ء میں چنا سوامی اسٹیڈیم بنگلور میں بم دھماکوں کے سلسلے میں ہے۔ ڈسٹرکٹ جج آئی ایس نیتا نے کرناٹک پولیس کی درخواست قبول کرلی۔ جس کے بموجب یٰسین بھٹکل 17 اپریل 2010 ء کو چناسوامی اسٹیڈیم بنگلور میں جہاں آئی پی ایل کرکٹ میچ کھیلا جانے والا تھا، میچ سے چند گھنٹے قبل بم دھماکے کرنے میں ملوث تھے۔ پولیس نے عدالت کو اطلاع دی کہ بنگلور کی مجسٹریٹ کی عدالت نے بھٹکل کا پیشی وارنٹ اسی مقدمہ کے سلسلہ میںجاری کیا ہے جس میں ریاض بھٹکل اور فصیح محمود دیگر ملزمین ہیں۔