حیدرآباد 28فروری (یواین آئی )عوامی شعبہ کے بینکوں کی قومی سطح پر ہڑتال کا اثر حیدرآباد میں بھی دیکھا گیا ۔ جہاں بینک ملازمین نے سڑکوں پر احتجاج کے حصہ کے طورپر نکل کر رقص کیا ۔ یونائٹیڈ فورم آف بینک یونینوں نے عوام مخالف بینکنگ اور لیبر اصلاحات کی مخالفت کرتے ہوئے یہ ہڑتال کی ہے ۔ بینک کے ہڑتالی ملازمین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ٹریڈ یونینوں کے حقوق سلب کررہی ہے اور مستقل ملازمتوں کو عارضی ملازمتوں میں تبدیل کیا جارہا ہے ۔ نوٹ بندی کے بعد انجام دی گئی اضافی خدمات پر انہیں معاوضہ دینے کا بھی ملازمین نے مطالبہ کیا ۔ ساتھ ہی پے منٹ گریجویٹی ایکٹ کے تحت گریجویٹی سیلنگ کو منسوخ کرنے پر بھی زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ بینکنگ شعبہ میں غلط طریقوں سے قرض جاری کرنے والے اعلی افسروں کو جواب دہ بنایا جائے ۔ عوامی شعبہ کی بینکنگ میں غیر کارکرد اثاثہ جات کے تحت جاری قرضہ جات کی رقم چار لاکھ ہے ۔ اس موقع پر مختلف مقامات پر ریلی بھی نکالی گئی ۔ بائیں بازو کی جماعتوں اور ٹریڈ یونینوں نے اس ہڑتال کی حمایت کی ۔