حیدرآباد۔یکم اکٹوبر، ( پی ٹی آئی) کسانوں کے زرعی قرض کی معافی کیلئے اپنے وعدوں پر عمل آوری میں شدید مشکلات محسوس کرتے ہوئے آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے آج رات بینکوں کو خبردار کیا کہ زرعی قرض کی تمام قسطوں کو پانچ سال کے دوران ادا کردینے سے متعلق ان کی حکومت کی پیشکش سے اتفاق نہ کرنے کی صورت میں وہ ( بینکس ) دیوالیہ کا شکار ہوجائیں گے۔
چندرا بابو نائیڈو نے آج اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ کسان آج اپنے قرض ادا کرنے کے موقف میں نہیں ہیں ، ریاستی حکومت کے پاس بھی فنڈز نہیں ہیں۔ اگر کسان قرض ادا نہیں کریں گے تو ان کے یہ قرض غیر کارکرد اثاثوں میں تبدیل ہوجائیں گے اور اس صورت میں بینکس دیوالیہ کا شکار ہوجائیں گے۔ لیکن مجھے یہ بات پسند نہیں ہے۔‘‘ چندرا بابو نے ادعا کیا کہ وہ قرض کی معافی کا سوال نہیں کررہے ہیں بلکہ صرف یہ چاہتے ہیں کہ پریشان حال کسانوں کو قرض سے آزاد کیا جائے۔